کیرالا کے ٹی وی پروگرام کی تائید و مخالفت میں مظاہرے

حیدرآباد یونیورسٹی کے طلبہ میں کشیدگی‘ پولیس کے خلاف نعرے
حیدرآباد ۔ /2 نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی واقع گچی باؤلی میں آج اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب وہاں کہ طلبہ نے کیرالا کے ٹی وی پروگرام ’’کِس آف لو‘‘ (بوسہ محبت) کے حق میں مظاہرہ کرتے ہوئے ایک دوسرے کو چومنے لگے ۔ اس پروگرام کے انعقاد کی اطلاع پہلے سے ہی پولیس کو موصول ہوگئی تھی جس کے نتیجہ میں یونیورسٹی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں موثر پولیس بندوبست کیا گیا تھا ۔ کیرالا ٹی وی پروگرام کے حق میں یونیورسٹی طلباء کی جانب سے مظاہرے کئے جانے کے خلاف اکھیل بھارتیہ ودیارتھی پریشد کے ارکان نے حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کے روبرو دھرنا منظم کیا ۔ پولیس کی یونیورسٹی میں موجودگی کے خلاف طلبہ ’’پولیس گو بیاک‘‘ کے نعرے لگانے لگے اور کچھ ہی دیر میں وہاں پر حالات کشیدہ ہوگئے ۔ اس سلسلے میں تفصیلات بتاتے ہوئے انسپکٹر چندا نگر مسٹر این واسو نے بتایا کہ حالات کشیدہ ہونے کے خدشہ کے سبب بعض طلباء کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔