کیرالا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 250 مکانات کی تعمیر

جوائے الوکاس فاونڈیشن کا 15 کروڑ روپئے مالیتی میگا پراجکٹ
حیدرآباد ۔ 14 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): جوائے الوکاس گروپ کا شمار زیورات کی دنیا کے مشہور و معروف اور قابل اعتماد گروپوں میں ہوتا ہے ۔ ہندوستان اور مشرق وسطیٰ کے بشمول دنیا کے کئی ممالک میں اس کا کاروبار پھیلا ہوا ہے اور فی الوقت اس کے 140 سے زائد شورومس صارفین کی خدمات بجا لار ہے ہیں یہ گروپ فارکس ایکسچینج تعمیرات ، لکثرری ایر چارٹر اور ہیلی کاپٹرس خدمات میں بھی معروف ہے ۔ مسٹر جوائے الوکاس ، جوائے الوکاس گروپ کے صدر نشین اور بانی ہیں ۔ یہ گروپ فلاحی و خیراتی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتا ہے ۔ قارئین آپ کو بتادیں کہ حالیہ عرصہ کے دوران سیلاب نے ہندوستان کی جنوبی ریاست کیرالا میں زبردست تباہی مچادی ، ہزاروں کی تعداد میں مکانات منہدم ہوگئے ۔ زمین کھسکنے کے باعث آر سی سی کی کئی منزلہ عمارتیں کھلونوں کی طرح پانی میں بہہ گئیں ۔ بے شمار لوگوں کی خوشحال زندگی کا چند لمحات میں خاتمہ ہوگیا ۔ ایسے میں کیرالا سے تعلق رکھنے والے صنعت کاروں ، تاجرین اور متمول حضرات نے اپنی ریاستیں اور اس کے تباہ حال عوام کی مدد کا بیڑا اٹھایا ۔ ان اداروں اور شخصیتوں میں جوائے الوکاس گروپ اور اس کے بانی و صدر نشین جوائے الوکاس بھی شامل ہیں ۔ جنہوں نے کیرالا کے سیلاب متاثرین کے لیے دست تعاون دراز کیا ہے ۔ ان کے گروپ نے کیرالا کے ان تباہ حال باشندوں کے لیے 250 مکانات تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جن کے مکانات سیلاب کی نذر ہوگئے ۔ واضح رہے کہ کیرالا میں اس صدی کا یہ غضبناک طوفان تھا ۔ جس نے ریاست کی ہیئت ہی بدل کر رکھ ڈالی ۔ جوائے الوکاس گروپ نے 250 مکانات کی تعمیر کے لیے 15 کروڑ روپئے مختص کر رکھے ہیں ۔ اس پراجکٹ کو جوائے الوکاس گروپ کے تمام ملازمین اس کے بہی خواہوں ، اس کے صدر نشین مسٹر جوائے الوکاس کے ساتھ ساتھ جوائے الوکاس فاونڈیشن کی ڈائرکٹر محترمہ جالی جوائے کا تعاون حاصل ہے ۔ ان دونوں کا کہنا ہے کہ ہر مکان کی تعمیر پر 6 لاکھ روپئے کے مصارف آئیں گے ۔ دونوں نے یہ بھی بتایا کہ ہمارا خواب ہے کہ ہم ایسے مکانات تعمیر کروائیں ۔ جنہیں حاصل کرنے والوں کے دل خوشی سے سرشار ہوجائیں ۔ ہر مکان 600 مربع فیٹ پر محیط ہوگا ۔ جس میں دو بیڈ رومس ایک ڈائننگ روم کچن ہوگا ۔ صدر نشین جوائے الوکاس کا کہنا تھا کہ سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں میں ان مکانات کی ماحول کے اعتبار سے تعمیر عمل میں لائی جائے گی ۔ ماہر آرکیٹکٹس سے اس سلسلہ میں مشاورت کی جائے گی اور ان لوگوں کی جانب سے پلان پیش کرنے کے بعد ہی اس میگا پراجکٹ پر کام شروع ہوگا ۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جوائے الوکاس گروپ کے اس میگا پراجکٹ کا مقصد دراصل کیرالا کی تعمیر جدید کے لیے ریاستی حکومت کی مدد کرنا ہے ۔ صدر نشین جوائے الوکاس نے یہ بھی بتایا کہ اس پراجکٹ کے بارے میں ایک تفصیلی رپورٹ چیف منسٹر کو پیش کی گئی ہے اور ریاستی حکومت کے اداروں کی مدد سے اس پر عمل آوری کی جائے گی ۔ جن لوگوں کے مکانات منہدم ہوچکے ہیں سیلاب اور زمین کھسکنے کے نتیجہ میں جو لوگ اپنے گھروں سے محروم ہوگئے ہیں وہ اپنے قریبی جوائے الوکاس گروپ کے سیلس آوٹ لیٹس سے شخصی طور پر ربط پیدا کرتے ہوئے اپنی درخواستیں پیش کرسکتے ہیں ۔ درخواستوں کا جائزہ لینے کے لیے جوائے الوکاس فاونڈیشن نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ جوائے الوکاس فاونڈیشن بے شمار سماجی و بہبودی پروگرامس کا اہتمام کرتا ہے ۔ انسانی بنیادوں پر ضرورت مندوں کی مدد کرتا ہے ۔ خون کا عطیہ کیمپس تحفظ ماحولیات ، نگہداشت صحت اور دیگر سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے جوائے الوکاس فاونڈیشن ضرورت مند انسانوں کی مدد کرتا ہے ۔۔