کیرالا کے سوا ملک بھر میں رمضان المبارک کا پیر سے آغاز

نئی دہلی ۔ 28 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ماہ رمضان المبارک کا پیر سے آغاز ہوگا کیوں کہ ملک بھر میں کہیں بھی آج چاند نظر نہیں آیا ۔ شاہی امام مسجد فتح پوری مولانا مفتی مکرم احمد نے عدم رویت کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 30 جون بروز پیر یکم رمضان المبارک ہوگی ۔ کیرالا میں رمضان المبارک کل سے شروع ہوگا ۔ مذہبی رہنماؤں کے مطابق پونانی اور شمالی کیرالا کے دیگر مقامات پر آج چند نظر آیا چنانچہ اتوار سے رمضان المبارک کا آغاز ہوگا ۔۔

خلیجی ممالک کے سفیروں کا آج اجلاس
نئی دہلی 28 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) عراق میں تشدد میں اضافہ کے دوران ہندوستان نے تین کیمپ دفاتر قائم کئے ہیں تاکہ وہاں تشدد سے محفوظ علاقوں سے 10 ہزار ہندوستانیوں کو واپس لایا جاسکے ۔ اس دوران وزیر خارجہ سشما سواراج نے خلیجی ممالک کے اعلی ہندوستانی نمائندوں کو کل مدعو کیا ہے تاکہ ان سے مشاورت کی جاسکے ۔
اس دوران عراق میں مغوریہ 39 ہندوستانی ہنوز یرغمال اور محفوظ ہیں۔ وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے یہ بات بتائی اور کہا کہ ان کے تعلق سے کچھ معلومات حاصل ہوئی ہیں اور ان پر کام کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی سفارتخانہ تکریت میں پھنسی ہوئی 46 نرسوں سے بھی رابطہ میں ہے اور انہوں نے ان اطلاعات کی تردید کی کہ ان کے کیمپ کے قریب کوئی دھماکہ ہوا ہے ۔ اس سوال پر کہ تشدد زدہ علاقہ میں کتنے ہندوستانی پھنسے ہوئے ہیں ترجمان نے کہا کہ ابھی اس تعلق سے قطعی تعداد بتانا مشکل ہے تاہم یہ تقریبا 100 ہوسکتے ہیں۔ کیمپ دفاتر کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں متعین عہدیدار ان کیمپوں کو جائیں گے جہاں ہندوستانی کام کرتے ہیں تاکہ اگر وہ چاہیں تو انہیں واپس لانے کا انتظام کیا جاسکے ۔ اس کے علاوہ انہیں سفری دستاویزات فراہم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزارت کی جانب سے اگر کوئی ہندوستانی سفری ٹکٹ خریدنے کے موقف میں نہ ہوں تو انہیں مفت ٹکٹ بھی فراہم کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ سشما سواراج کل خلیجی ممالک بشمول کویت ‘ قطر ‘ اومان اور سعودی عرب میں متعین سفیروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرینگی تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے ۔ عرب ممالک کے سفیروں کو بھی اجلاس میں مدعو کیا جائیگا ۔