کیرالا کے تفریح گاہ پر ماؤسٹوں کا حملہ

ترنیولی(کیرالا) ۔25جنوری( سیاست ڈاٹ کام) مشتبہ ماؤسٹوں نے آج شمالی کیرالا میں وہانڈ میں سرکاری سیاحتی مرکز ریسورٹ پر حملہ کیا اور توڑپھوڑ کے بعد جنگلات میں فرار ہوگئے ۔ جاتے ہوئے ماؤسٹوں نے صدر امریکہ بارک اوباما کے دورہ ہندوستان کے خلاف دیواروں پر نعرے بھی تحریر کئے ہیں ۔ 6رکنی ماوسٹ گروپ نے آتش اسلحہ گولہ بارود کے ہمراہ نقاب پہنے ہوئے کیرالا ٹورازم ڈیولپمنٹ رپورٹس کی تفریح گاہ پر حملہ کیا اور کمپیوٹرس و گلاسوں کو توڑپھوڑ کر جنگلات میں چلے گئے ۔صبح کی اولین ساعتوں میں کی گئی اس کارروائی میں ماؤسٹوں نے دیواروں پر اوباما کے خلاف نعرے تحریر کئے ۔ سیکیورٹی گارڈ کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق یہ ماؤسٹوں کا گروپ عمارت میں رات دیر گئے 3بجے داخل ہوا اور مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے نعرے لگائے ‘ تاہم اس گروپ نے سیاحوں کے دو گروپس کو کوئی زد نہیں پہنچائی جو اس حملہ کے وقت تفریح گاہ میں موجود تھے ۔ اس حملے کے بعد پولیس نے ماؤسٹوں کی تلاش شروع کی ہے ۔