کیرالا کے ایک کنویں سے پھیلانیپاہ وائرس

کیرالا۔ 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا کے کوزی کوڈ اور ملا پورم اضلاع میں نیپال وائرس کی وجہ سے اب تک 10 افراد کی موت ہوگئی ہے جبکہ 9 دیگر مریض فی الحال اسپتال میں بھرتی ہیں۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق اس 10 کے علاوہ دو دیگر لوگوں کی بھی موت ہوئی ہے حالانکہ ابھی اس بات کی تصدیق نہیں کی جاسکی ہے کہ کیا ان کی موت بھی نیپاہ وائرس کی وجہ سے ہوئی ہے۔ کیرالا کے وزیر صحت کے کے شیلجہ نے بتایا کہ نیپاہ وائرس سے نمٹنے کا ہمارے پاس پہلے سے کوئی تجربہ نہیں ہے۔ ایسے حالات ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھے۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے بتایا کہ ڈبلیو ایچ او کو کیرالا میں وائرس پھیلنے کے بارے میں مطلع کردیا گیا ہے۔ وہیں ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ پھل کھانے والے اس وائرس کا اب تک کوئی علاج نہیں ہے۔ کچھ متاثرہ لوگوں کے رابطہ میں آئے جملہ 116 افراد کو الگ تھلگ رکھا گیا ہے۔ ان میں سے 94 افراد کو ان کے گھروں میں اور 22 کو مختلف اسپتالوں میں رکھا گیا ہے۔ دریں اثناء حکومت نے کہا کہ فی الحال اس بیماری کی اصل وجہ کی جانچ کی جارہی ہے۔ وہیں صحت سے وابستہ اہلکاروں کی ابتدائی چھان بین سے پایا گیا ہے کہ متاثرین جس کنویں سے پانی لیتے تھے، وہاں کئی چمگادڑ مردہ پائے گئے ہیں۔