بارش سے شدید تباہی اور جانی نقصانات ، راجناتھ سنگھ سے وجین کی نمائندگی
نئی دہلی۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر کیرالا پنارائی وجیئن نے آج وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ سے کہا کہ وہ سیلاب سے متاثرہ ریاست کیرالا کو راحت فنڈس فوری جاری کردیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ ریاست کی مالی امداد کی رقم جاری کرنے کا عمل تیز کردیا جائے کیوں کہ سیلاب نے بڑی تباہی مچادی ہے۔ غیرمعمولی طور پر بھاری نقصانات ہوا ہے۔ وجیئن نے کیرالا کی موجودہ صورتحال سے راجناتھ سنگھ کو واقف کرایا اور کہا کہ ان کی حکومت نے ریاست میں عام زندگی بحال کرنے کی کوشش شروع کی ہے۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ گزشتہ ہفتہ بین وزارتی ٹیم نے کیرالا کا دورہ کیا تھا اور پانچ روزہ جائزہ کے بعد سیلاب کے نقصانات کا اندازہ کیا تھا۔ اس ٹیم نے ریاست کا دورہ کرتے ہوئے ریاستی حکومت کی درخواست پر مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ریاستی حکومت نے نقصانات کی پابجائی کیلئے 4,700 کروڑ روپئے جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ کیرالا میں 488 افراد ہلاک ہوئے اور 14 اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔