تھرواننتاپورم ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس زیرقیادت اپوزیشن یو ڈی ایف کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف آج یہاں راج بھون تک بیل بنڈیوں اور سیکلس کے ساتھ ایک ریالی نکالی گئی۔ اس موقع پر احتجاجیوں نے مرکز کی نریندر مودی حکومت اور ریاست میں پی وجین کی زیرقیادت ایل ڈی ایف حکومت کے خلاف نعرے بلند کئے۔ اس ریالی کی قیادت اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر رمیش چنیتالا نے کی جو کے پی سی سی صدر ایم ایم ہاسن، کانگریس ارکان پارلیمنٹ ششی تھرور اور کے سریش اور رکن اسمبلی کے مرلیدھرن کے ہمراہ ایک بیل بنڈی میں سوار ہوکر اس ریالی میں حصہ لیا۔ اس مارچ کا افتتاح کرتے ہوئے رمیش چنیتالہ نے کہا کہ ملک میں فیول کی قیمتیں آسمان کو چھورہی ہیں اور دنیا میں کہیں بھی فیول کی قیمت اس قدر زیادہ نہیں ہے جیسا کہ ہندوستان میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ محض 12 مئی کو منعقد ہونے والے کرناٹک اسمبلی انتخابات کے باعث قیمتوں کو اب مستحکم کیا گیا ہے۔ انہوں نے مودی اور وجین پر الزام عائد کیا کہ وہ عوام کو سزاء دے رہے ہیں۔ ایل ڈی ایف حکومت نے یہ واضح کردیا ہیکہ وہ مالی مجبوریوں کے باعث پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد حاصل ہونے والے اضافی سیلس ٹیکس سے دستبردار نہیں ہوسکتی ہے۔ کانگریس کے قائد نے دعویٰ کیا کہ ریاستی حکومت کو فیول قیمتوں میں اضافہ سے 7,000 کروڑ روپئے اضافی ریونیو حاصل ہورہا ہے۔ عام آدمی کی زندگی مشکل ہوگئی ہے کیونکہ اشیائے ضروریہ بشمول ترکاریوں کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔