تھروننتھاپورم۔8مئی( سیاست ڈاٹ کام ) ریاست کیرالا میں شدید بارش کی وجہ سے دو مختلف واقعات میں دو خواتین ہلاک ہوگئیں ۔ پولیس نے بتایا کہ بلرام پورم نامی مقام پر زمین کا تودہ کھسکنے سے ایک خاتون ہلاک اور ملاپورم میں جڑ سے اُکھڑ کر ایک درخت خاتون پرجاگرا جس سے اس کی موت وقع ہوگئی۔ شدید بارش کی وجہ سے متعدد طویل فاصلاتی ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوگئیں جبکہ کوچی میں بعض مقامات پر ریلوے پٹریوں کے زیر آب آنے سے کچھ پاسنجر ٹرینوں کو منسوخ بھی کرنا پڑا۔ پولیس نے مزید بتایا کہ کئی علاقوں میں برقی سربراہی بھی متاثر ہوئی ۔ ہواؤں کے تیز جھکڑوں کی وجہ سے کئی درخت اور برقی کھمبے اُکھڑ گئے۔ یہی نہیں بلکہ شدید بارش کی وجہ سے کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ زائد از 250 مکانات کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔ محکمہ موسمیات نے کل صبح تک شدید بارش اور تیز ہواؤں کی پیش قیاسی کی ہے ۔