کیرالا میں ججوں اور سیاستدانوں کو خطرہ لاحق

ریاستی حکومت کو انٹلی جنس کی خفیہ رپورٹ
تھروننتھا پورم۔ /4اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) کیرالا میں انٹلی جنس ایجنسیوں نے ریاستی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ ہائی کورٹ کے 2ججوں، بعض سیاستدانوں کو آئی ایس آئی ایس سے وابستہ کارندوں سے خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ یہ وارننگ این آئی اے کی جانب سے ریاست میں 6 مشتبہ افراد کی گرفتاری کے بعد دی گئی ہے۔ ا س خصوص میں ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس انٹلی جنس نے چیف منسٹر یوجین کو ایک رپورٹ پیش کی ہے جو کہ وزارت داخلہ کا قلمدان بھی رکھتے ہیں۔ پولیس ذرائع نے یہ اطلاع دی لیکن تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کردیا۔ قومی تحقیقاتی ادارہ ( این آئی اے ) نے دہشت گردانہ حملہ کا منصوبہ بنانے کے الزام میں کیرالا سے6افراد کو اتوار کے دن گرفتار کرلیا تھا جبکہ یہ ادارہ کیرالا سے اچانک لاپتہ 21افراد کے بارے میں چھان بین کررہا ہے۔ شبہ ہے کہ یہ افراد اسلامک اسٹیٹ ( داعش ) میں شامل ہوگئے ہیں۔ کیرالا پولیس دہلی پولیس اور تلنگانہ پولیس کے ساتھ این آئی اے کی ٹیموں نے تلاشی اور تعاقب کے بعد 6 افراد کو اضلاع کوزی کوڈ اور کنور سے گرفتار کرلیا تھا۔ این آئی اے نے بتایا کہ 5افراد کو کنور میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران پکڑ لیا گیا جبکہ ایک اور شخص کو کوئیاڈی ( کوزی کوڈ ) سے حراست میں لیا گیا۔ قبل ازیں این آئی اے نے کیرالا سے لاپتہ 21 نوجوانوں کے خلاف کیس درج کرلیا ہے جو کہ آئی ایس آئی ایس میں شمولیت کیلئے براہ افغانستان، شام روانہ ہوگئے ہیں۔ دریں اثناء ڈائرکٹر جنرل پولیس لوک ناتھ بہیرہ نے بتایا کہ گرفتار 6افراد کے پس منظر کا پتہ چلایا جارہا ہے۔