حیدرآباد ۔ 6 ۔ اگست (سیاست نیوز) ایس سی ، ایس ٹی طبقات سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی و کونسل کو مختلف امور میں معلومات کی فراہمی اور شعور بیداری کیلئے کیرالا کے دارالحکومت تھرواننتاپورم میں فیسٹول آن ڈیموکریسی کے عنوان سے قومی کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا۔ کیرالا اسمبلی کے احاطہ میں صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے افتتاح کرتے ہوئے ایس سی ، ایس ٹی عوامی نمائندوں کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے۔ دو روز تک جاری رہنے والی اس کانفرنس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے ایس سی ، ایس ٹی ارکان اسمبلی و کونسل بڑی تعداد میں شریک ہیں۔ تلنگانہ ریاست سے رکن اسمبلی اچم پیٹ کے بالراجو ، رکن اسمبلی دیورکنڈہ رویندر راؤ ، رکن اسمبلی چیوڑلہ کے یادیا اور کونسل کے ارکان راملو نائک اور راجیشور راؤ نے شرکت کی ۔