واجپائی پر فحش آڈیو کا تبادلہ، دو افراد کیخلاف مقدمہ، ایک گرفتار
بہرائچ 20 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں پولیس نے آج کہاکہ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے بارے میں ایک ناشائستہ و فحش آڈیو کلپ کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے ضمن میں دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے ان کے منجملہ ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ سبھا راج نے کہاکہ ایک سماجی کارکن سنیل سنگھ کی شکایت پر ان دونوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایس پی نے مزید کہاکہ ’’بھوبت پور گاؤں کے ساکن آزاد خاں نے سابق وزیراعظم کے بارے میں ہفتہ کو واٹس ایپ پر دو منٹ دورانیہ کا ناشائستہ آڈیو کلپ پوسٹ کیا تھا۔ جس کو اُس کے دوستوں اور دیگر گروپوں نے مزید گشت کروایا تھا‘‘۔ پولیس عہدیدار نے کہاکہ انوارالحق نے جس کو بہرائچ کے ایک سرکاری دواخانہ میں فارماسسٹ کی حیثیت سے تعینات کیا گیا تھا اس کلپ کو پھیلنے کیلئے افراد کی حوصلہ افزائی کی تھی۔ آئی ٹی قانون اور ہندوستانی تعزیری ضابطہ کی دفعات کے مطابق ان دونوں کے خلاف فرقہ وارانہ ہم آہنگی درہم برہم کرنے اور عوام کے مختلف طبقات میں دشمنی پھیلانے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔