تقریبا ایک کروڑ اکٹھا ، امدادی و راحت کاری اقدامات ، جماعت اسلامی تلنگانہ عہدیداروں کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔27اگسٹ(سیاست نیوز) جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کی جانب سے کیرالہ متاثرین کی بازآبادکاری کیلئے 5کروڑ روپئے کی امداد روانہ کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے اور جمعہ کو کئے گئے مساجد میں اعلان کے بعد اب تک قریب کروڑ روپئے کی رقم جمع ہوچکی ہے ۔ امیر حلقہ تلنگانہ و اڈیشہ جناب حامد محمد خان نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔انہو ںنے بتایاکہ کیرالہ میں متاثرین کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کی تکمیل کیلئے جماعت اسلامی کی جانب سے خدمات انجام دی جارہی ہے اور مرحلہ وار انداز میں بازآبادکاری کے کام انجام دیئے جائیں گے۔جناب حامد محمد خان نے مرکزی حکومت کی جانب سے کیرالہ میں بازآبادکاری کاموں کے سلسلہ میں اختیار کردہ رویہ کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی اور کہا کہ حکومت کی جانب سے ناکافی فنڈس کی تخصیص کے علاوہ بیرونی امداد کو روکنے کا جو فیصلہ کیا گیا ہے وہ انسانی اقدار کے منافی ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ انسانی بنیادوں پر اگر کوئی مدد کیلئے آگے آتا ہے تو اسے اس طرح سے روکنا مناسب نہیں ہے ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ جناب ایم این بیگ زاہد‘ جناب محمد اظہرالدین‘ جناب عبدالمجید موجود تھے۔ جناب حامد محمد خان نے مزید بتایا کہ تلنگانہ کی جانب سے حکومت نے کیرالہ متاثرین کیلئے جو امداد روانہ کی ہے وہ قابل ستائش و خوش آئند ہے۔ کیرالہ میں مسلم اور کرسچن آبادی کے سبب ان کی مدد نہ کرنے اور گائے کا گوشت کھانے والوں کی مدد نہ کرنے کا شوشہ چھوڑنے والی تنظیموں کو سخت جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے نظریات ملک کیلئے مناسب نہیں ہیں اوریہ نظریات ملک میں منافرت پھیلانے کا سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کیرالہ میں گوشت کھانے والوں کی وجہ سے سیلاب کی بات کہنے والوں کے دعوؤں کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتر کھنڈ میں سیلاب کی تباہی کے متعلق ان کا کیا کہنا ہے! انہو ںنے بتایا کہ جماعت اسلامی انسانیت کی بنیادوں پر کیرالہ میں کام انجام دے رہی ہے اور جماعت کے علاوہ ریاست کیرالہ کے مقامی عوام اور ان کی مختلف تنظیمیں بھی راحت کاری کاموں میں مصروف ہیں ۔ انہو ںنے بتایا کہ جماعت اسلامی کے ڈاکٹرس کی تنظیم DARE کی جانب سے 12 ڈاکٹرس کا وفد کیرالہ میں موجود ہے جو کہ طبی کیمپو ں میں خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کیرالہ میں تباہی کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہاکہ 15ہزار کیلو میٹر روڈ برباد ہوچکی ہے اور 221پل مکمل منہدم ہو چکے ہیں اس کے علاوہ 8لاکھ افراد بے گھر ہونے کی اطلاع ہے ۔کیرالہ کے متاثرین کو فوری طور پر غذائی اشیاء ‘ پینے کے صاف پانی ‘ اسکول بیاگس‘ کپڑے اور چادروں کے علاوہ برتن و ادویات اور پینے کے صاف کی پانی کی اشد ضرورت ہے اور جماعت کی جانب سے پہلے مرحلہ میں یہ کام انجام دیئے جا رہے ہیں اور دوسرے مرحلہ میں مکانات کی تعمیر و مرمت کے کاموں کو انجام دینے کا منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جو حضرات جماعت اسلامی کے توسط سے کیرالہ متاثرین کی مدد کرنا چاہتے ہیں وہ جماعت اسلامی کے ریاستی دفتر لکڑ کوٹ چھتہ بازار یا مقامی دفاتر پر اپنی امداد جمع کروانے کی اپیل کی ۔