کیرالا سیلاب متاثرین کے لیے ٹی آر ایس ارکان مقننہ کا ایک ماہ کی تنخواہ کا عطیہ

حیدرآباد۔ 20 اگست (سیاست نیوز) کیرالا میں بھیانک سیلاب کے سبب ہوئی تباہ کاریوں سے متاثرہ افراد کے لیے بچائو اور امدادی کاموں میں تعاون کا تلنگانہ قانون ساز کونسل کے ٹی آر ایس ارکان نے فیصلہ کیا ہے۔ عوامی نمائندوں کی جانب سے ایک ماہ کی تنخواہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں دینے سے متعلق اعلانات کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری طرف صدرنشین قانون ساز کونسل سوامی گوڑ نے ٹی آر ایس ارکان کونسل کا 22 اگست کو اجلاس طلب کیا ہے۔ کونسل میں چیف وہپ پی سدھاکر ریڈی نے بتایا کہ اجلاس میں ٹی آر ایس کے تمام ارکان شرکت کریں گے۔ کیرالا کے متاثرین کے لیے زیادہ سے زیادہ امدادی اشیاء روانہ کرنے کی مہم شروع کی جائے گی اور ارکان کونسل اس کام میں اپنی حصہ داری کا اعلان کریں گے۔ اسی دوران گورنمنٹ وہپ این اوڈیلو نے کیرلا سیلاب ریلیف فنڈ میں اپنی ایک ماہ کی تنخواہ بطور عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر پنچایت راج جوپلی کرشنا رائو نے بھی ریلیف فنڈ میں ایک ماہ کی تنخواہ کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین کے ساتھ ہیں۔ رکن قانون ساز کونسل ایس راجو اور مشن بھگیرتا کے نائب صدرنشین اور رکن اسمبلی پرشانت ریڈی اور رکن اسمبلی منگول کے پربھاکر ریڈی نے بھی چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں ایک ماہ کی تنخواہ کا اعلان کیا ہے۔