کیرالا سیلاب متاثرین کو تلنگانہ حکومت کی جانب سے 25 کروڑ کی امداد

حیدرآباد /18 اگست ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر کیرالا پی وجین کی ایپل پر چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے فوری ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے راحت کاری و بازآبادکاری کیلئے 25 کروڑ روپئے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی کو رقم کیرالا روانہ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے پینے کا پانی آلودہ ہوچکا ہے ۔ پانی کی صفائی کیلئے ڈھائی کروڑکی وی آر او مشین کو بھی کیرالا روانہ کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ کے سی آر نے کہا کہ ریاست کیرالا دشواریوں اور مسائل سے دوچار ہے ایسے نازک موقع پر کیرالا کی مدد کرنا ہماری بھی ذمہ داری ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ زوردار بارش اور سیلاب سے کیرالاکے عوام پریشان ہیں ۔ )

ان کی مدد کرنے کی صنعتکاروں ، ماہرین ، آئی ٹی ، تاجرین کے علاوہ دوسرے شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں کو مصیبت زدہ عوام کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے ۔ کے سی آر نے کہا کہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ کو امداد فراہم کرنے پر اس کو فوری کیرالا روانہ کرنے کا تیقن دلایا ہے ۔ کے سی آر نے بارش اور سیلاب سے کیرالا میں ہونے والے بڑے پیمانے کے جانی مالی نقصانات پر بھی صدمہ کا اظہار کیا ہے اور حکومت تلنگانہ کی جانب سے کیرالاکے ہر قسم کی مدد کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ چیف منسٹر کیرالاپی وجین نے بارش سے تباہ شدہ کیرالاکی دوبارہ ازسرنو تعمیر کیلئے تعاون کرنے کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 100 سال کے دوران بارش سے ایسی صورتحال کبھی پیدا نہیں ہوئی ۔ کیرالامیں 80 ڈیمس کے دروازے کھولتے ہوئے پانی چھوڑا جارہا ہے ۔ سیلاب کی وجہ سے ابھی تک 324 افراد ہلاک ہوئے ۔ 2,23,139 افراد بے گھر ہوگئے ۔ 1500 سے زائد کیمپس میں عوام کو منتقل کیا گیا ہے ۔ اس کی اطلاع ملتے ہی چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے فوری ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔