صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی کی کانگریس ارکان پارلیمنٹ ، اسمبلی و کونسل کو ہدایت
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے کیرالا کے مصیبت زدہ عوام کی مدد کرنے کے لیے تلنگانہ کے تمام کانگریس کے ارکان اسمبلی ، ارکان پارلیمنٹ اور ارکان قانون ساز کونسل کو اپنی ایک ماہ کی تنخواہ بطور امداد دینے کی اپیل کی ہے ۔ جانا ریڈی اور محمد علی شبیر نے ایک ایک لاکھ روپئے کا چیک اتم کمار ریڈی کے حوالے کیا ہے ۔ آنجہانی راجیو گاندھی کے 74 ویں یوم پیدائش کے موقع پر کانگریس قائدین کی جانب سے سوماجی گوڑہ میں واقع راجیو گاندھی کے مجسمہ کو گلہائے عقیدت پیش کیا اور گاندھی بھون میں راجیو گاندھی کے پورٹریٹ پر پھول مالا چڑھانے کے علاوہ مختلف پروگرامس کا اہتمام کیا گیا ۔ بعد ازاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کیرالا کی مدد کرنے کی اپیل کی جس پر قائدین اپوزیشن کے جانا ریڈی ( اسمبلی ) محمد علی شبیر ( کونسل ) اور ٹی پی سی سی کے خازن جی نارائن ریڈی نے فی کس ایک لاکھ روپئے کے چیکس اتم کمار ریڈی کے حوالے کئے اور ساتھ ہی سابق صدر پردیش کانگریس کمیٹی وی ہنمنت راؤ نے بھی 25 ہزار روپئے پیش کئے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ بارش اور سیلاب کے سبب کیرالا میں بڑے پیمانے کا جانی مالی نقصان ہوا ہے ۔ لاکھوں عوام گھروں سے محروم ہو کر کیمپس میں زندگی گذار رہے ہیں ۔ ان کی مدد کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ لہذا کانگریس کے قائدین کے علاوہ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیتیں کیرالا کی از سر نو تعمیر کے لیے اپنی جانب سے ہر ممکنہ مدد کریں ۔۔