ممبئی۔29 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ایچ ڈی ایف سی بینک نے آج اعلان کیا کہ وہ کیرالا میں سیلاب سے متاثرہ 30 دیہاتوں کی ذمہ داری لے گا اور 10 کروڑ روپئے عطیہ بھی دے گا۔ اس کے علاوہ اس عوامی شعبہ بینک نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے کیرالا گاہکوں کے لیے ماہ اگست کی قرض اقساط اور کریڈٹ کارڈز کی دیرینہ فیس کو بھی معاف کردے گا۔ بینک منیجنگ ڈائرکٹر ادتیا پوری نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں بینک کیرالا عوام کے ساتھ ہے۔ بینک کے عہدیدار کے بیان کے مطابق دیہاتوں کو اپنانے کے عمل کے طور پر وہاں پر میڈیکل ہیلت کیمپس کا قیام، اسکولوں کی امداد، ان کی تعمیر نو اور تزئین نو اور زندگی کی دوبارہ بحالی کیلئے ماہرانہ ٹریننگ کا انتظام شامل ہے۔