کیرالا :سیاسی تشدد میں سی پی ایم اوربی جے پی ورکرس ہلاک

کنور(کیرالا)۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کیرالا میں سیاسی تشدد میں مختصر راحت و سکون کو درہم برہم کرتے ہوئے سی پی آئی (ایم) کے ایک کیڈر اور ایک بی جے پی ورکر کو چند گھنٹوں کے اندر یہاں سے قریب علیحدہ واقعات میں ہلاک کردیا گیا۔ پولیس نے آج یہ بات بتائی اور کہا کہ 8 افراد کے ایک گروپ نے جو کہا جاتا ہے کہ آر ایس ایس اور بی جے پی ورکرس تھے، سی پی آئی ایم قائد اور سابق ماہے میونسپل کونسلر 42 سالہ بابو کو راستہ میں روک دیا اور کل رات تقریباً 9 بجے مرکزی زیرانتظام علاقہ پڈوچیری کے ایک ایکلیو، ماہے میں پلور میں تیز دھاری ہتھیار سے حملہ کیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا اور دواخانہ کو لے جانے کے دوران فوت ہوگیا۔ بظاہر اس کے جوابی حملہ میں بی جے پی کے 40 سالہ ورکر شیماج کو جو ایک آٹو ڈرائیور تھا، بابو کی ہلاکت کے 30 منٹ کے اندر نیو ماہے میں ایک 6 رکنی ٹولی نے اُسے اس کی گاڑی سے باہر کھینچ کر حملہ کرکے ہلاک کردیا۔ پولیس نے کہا کہ اس واقعہ میں حملہ آوروں کی شناخت کیلئے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ پولیس نے کہا کہ یہ دونوں حملے سیاسی رقابت کے باعث کئے گئے ہیں۔