کیرالا اور مغربی بنگال میں تشدد، کشمیر کی صورتحال موضوعات

آر ایس ایس کا برنداون میں اجلاس ، سینئر کارکنوں کی شرکت
برنداون (یو پی) ۔ یکم ؍ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا اور مغربی بنگال میں آر ایس ایس کارکنوں پر حملے آج اہم سنگھ پریوار اجلاس میں موضوع بحث رہے۔ اس اجلاس کے دوران مرکز کی جانب سے وادی کشمیر میں سنگباری کو کچلنے کیلئے کئے ہوئے اقدامات کی ستائش کی گئی۔ آر ایس ایس کے سینئر کارکن اس اجلاس میں شریک تھے۔ انہوں نے کیرالا اور مغربی بنگال میں سنگھ پریوار کے کارکنوں پر مبینہ حملوں کے سلسلہ میں مقالے پیش کئے۔ افتتاحی اجلاس میں آر ایس ایس کے جنرل سکریٹری سریش (بھیاجی) جوشی اور سینئر کارکن سریش سونی کے علاوہ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے خطاب کیا۔ بی جے پی ریاست میں جاریہ سال کے اوائل میں برسراقتدار آنے کے بعد یو پی میں منعقدہ آر ایس ایس کی تیسری چوٹی کانفرنس تھی۔ بھگوا خاندان کے قائدین بشمول آر ایس ایس کے سرسنچالک موہن بھاگوت اور بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے وادی کشمیر کی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ آج کے اجلاس کے ختم پر امیت شاہ نے بھاگوت سے ملاقات کی اس ملاقات میں آر ایس ایس کے نامور کارکن بشمول دتاتریہ گھوسا بالے شریک تھے۔ سنگھ کے جوائنٹ جنرل سکریٹری سونی، کرشن گوپال اور رام لال بھی موجود تھے۔ اجلاس کی کارروائی کے بارے میں ہنوز کوئی اطلاع نہیں ملی۔ غیرمصدقہ اطلاعات کے بموجب اتوار کے دن مرکزی مجلس وزراء کے بارے میں تبادلے خیال کیا جائے گا۔ آر ایس ایس کے سینئر کارکن ارون کمار نے کشمیر کی صورتحال پر تقریر کی۔ انہوں نے وادی کشمیر کی داخلی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے زور دیا کہ سنگباری کرنے والوں کو اصل دھارے میں واپس لایا جائے۔