کوچی، 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کیرالا اسمبلی کے 16 مئی کو ہونے والے انتخابات میں بائیں بازو کے زیرقیادت محاذ ایل ڈی ایف کی کامیابی کا یقین ظاہر کرتے ہوئے سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے آج کہاکہ اس ریاست میں عوام نے کانگریس کے زیرقیادت ’’رشوت خور‘‘ یو ڈی ایف حکومت کے خلاف ووٹ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ یچوری نے کیرالا میں انتخابی ریالیوں سے خطاب کے لئے یہاں پہونچنے کے بعد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے باہر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’’ہم حکومت قائم کریں گے۔ ایل ڈی ایف نئی حکومت تشکیل دے گی‘‘۔ سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری یچوری جنھوں نے مغربی بنگال میں حکمراں ترنمول کانگریس سے مقابلہ کیلئے کانگریس سے مفاہمت کی ہے، مزید کہاکہ کیرالا میں کانگریس کے زیرقیادت یو ڈی ایف حکومت رشوت ستانی میں ملوث ہے اور ریاست میں حکمرانی کا فقدان ہے۔ یچوری نے جو راجیہ سبھا میں سی پی آئی (ایم) کے لیڈر بھی ہیں کہاکہ ’’گزشتہ پانچ سال کے دوران ہم چند ایسی چیزیں دیکھے جو کیرالا میں پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے اور نہ ہی ان کی توقع کی جاسکتی تھی۔ تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ کیرالا میں ایل ڈی ایف کو کتنی نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔