کیبن کریو رکروٹمنٹ کیلئے زنخوں کی درخواست سماعت سے سپریم کورٹ کا اتفاق

نئی دہلی ۔ 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج مخنثوں کی درخواست کو سماعت کیلئے قبول کرلیا جسے ’’ایرانڈیا‘‘ نے جنس کے معاملہ میں تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تقرری سے انکار کردیا تھا۔ چیف جسٹس دیپک مشرا اور جسٹس اے ایم کھانولکر و جسٹس ڈی وائی چندراچوڑ نے کہا کہ اس درخواست کی سماعت دو ہفتوں کے بعد ہوگی مخنث ثانوی پنوسامی نے الزام لگایا کہ صرف مرد یا عورت کیلئے گنجائش ہے، مخنث کیلئے نہیں۔ پنوسامی، جس کا جنس تبدیلی کا آپریشن 2014ء میں ہوا تھا، جس کے بعد وہ خاتون بن گئی تھی۔ کیبن کریو کے اشتہار پر جب وہ انٹرویو کیلئے ’’ایرانڈیا‘‘ کے آفس پہنچی اور انٹرویو میں اس نے اپنے مخنث ہونے کے بارے میں بتلایا تو ’’ایرانڈیا‘‘ کی طرف سے انکار کردیا گیا۔ پنوسامی نے کہا کہ ایرانڈیا کے فارم میں مخنث کا کالم نہیں تھا اس لئے اسے مجبورا ’’خاتون‘‘ کے کالم میں لکھنا پڑا۔ اس متذکرہ انٹرویو کے چار ادوار میں وہ کامیاب ہوئی تاہم اس کا نام ’’شارٹ لسٹڈ‘‘ میں نہیں آیا۔ ہم آپ کو بتادیں کہ دستورہند کے (پروٹیکشن آف رائٹس) بل، 2016ء کے تحت کسی بھی شخص کو جنس کی بنیاد پر ملازمت یا پیشہ میں ’’رد‘‘ نہیں کیا جاسکتا۔ مزید یہ کہ جنس کے کالم میں دو خانوں کے بجائے تین خانے ہونا چاہئے۔