کیا 25 طلبہ کی خود کشی بھی اوچھی سیاست ہے ؟

کے ٹی آر سے صدر بی جے پی کا سوال ، راج ناتھ سنگھ سے نمائندگی کا منصوبہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مئی : ( پی ٹی آئی ) : تلنگانہ بی جے پی کے صدر کے لکشمن نے ہفتہ کو کہا کہ انٹر میڈیٹ امتحانات کے نتائج میں مبینہ غلطیوں کے مسئلہ پر ان کی پارٹی نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور دوسروں سے ملاقات کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر لکشمن نے اس طرح مسئلہ پر جاری اپنے برت کو بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ اور مملکتی وزیر داخلہ ہنس راج رہبر کی اپیل پر گذشتہ روز ختم کردیا گیا ۔ جس کے بعد انہیں نظامس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس ( نمس ) سے آج ڈسچارج کردیا گیا ۔ لکشمن نے 29 اپریل کو بی جے پی کے ریاستی ہیڈکوارٹرس میں غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کی تھی ۔ تاہم چند گھنٹوں بعد میں پولیس نے انہیں نمس منتقل کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے احتجاج کو کچلنے کے لیے پولیس کے استعمال کے خلاف قومی انسانی حقوق کمیشن ( این ایچ آر سی ) سے رجوع ہو کر نمائندگی کرنے کا منصوبہ بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی طلبہ کے ساتھ ہے اور ان سے اپیل کی کہ وہ انتہائی قدم نہ اٹھائیں ۔ لکشمن نے ٹی ار ایس کے کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ کے اس تبصرہ کی مذمت کی جس میں کہا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں اس مسئلہ پر ’ اوچھی سیاست ‘ میں ملوث ہیں ۔ بی جے پی کے صدر نے سوال کیا کہ جب 26 بچے خود کشی کرچکے ہیں تو کیا یہ بھی آپ ( کے ٹی آر ) کی نظرمیں اوچھی سیاست ہے ؟ ۔۔