کیا ہم نے پیاز اور آلو بینک میں جمع کرادیا ہے ؟

کانگریس کا استفسار ،’’تم مجھے ووٹ دو ،میں تمہیں مہنگائی دوں گا‘‘مودی کے انتخابی نعرے کا مذاق
نئی دہلی 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )کانگریس نے وزیر فینانس ارون جیٹلی کے ان ریمارکس پر شدید رد عمل کا اظہار کیا جس میں انہوں نے قیمتوں میں اضافہ کیلئے پیشرو یو پی اے حکومت کو مورد الزام قرار دیا ۔ کانگریس نے استفسار کیا کہ کیا ہم نے پیاز ،ٹماٹر اور آلو کو حاصل کر کے اسے بینک میں جمع کرادیا ہے؟ پارٹی نے دعوی کیا کہ مرکز میں نریندر مودی کے حکومت سنبھالنے کے بعد اچھے دنوں کے بجائے آنسوؤں کے دن آگئے ہیں۔ کانگریس ترجمان آنند شرما نے کہا کہ اگر موجودہ حکومت وہی اقدامات کرتی ہیں جو ہم نے کئے تھے تو پھر حکومت کی تبدیلی کی ضرورت ہی کیا تھی۔ انہوں نے ارون جیٹلی کے تبصرے کو مضحکہ خیز قرار دیا۔ یوتھ کانگریس لیڈر راجیو ستاؤ نے بھی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’تم مجھے ووٹ دو، میں تمہیں مہنگائی دوں گا‘‘۔ آنند شرما نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دعوی کیا کہ سوائے بہانے بازی کے این ڈی اے حکومت قیمتوں پر قابو پانے کیلئے کوئی اقدامات نہیںکررہی ہے۔ انہوں نے اس معاملے میں حکومت پر لاپرواہی کے مظاہرے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پیاز کیلئے اقل ترین برآمداتی قیمت ایک ایسا اقدام ہے جو یو پی اے دور سے چلا آرہا ہے ۔ موجودہ حکومت اسے متعارف کرنے کا جو دعوی کررہی ہے وہ غلط ہے ۔ کابینہ کی تقررات کمیٹی کے بارے میں بھی آنند شرما نے کہا کہ اس میں صرف یہ تبدیلی کی گئی کہ تین کے بجائے اب دو ارکان یعنی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ اور مودی کو رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے وزراء کے رول کو ختم کردیا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ نریندر مودی نے اس وقت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے ریل کرایوں میںاضافہ کی مخالفت کی تھی۔ آنند شرما نے بی جے پی زیر قیادت حکومت سے اس کے ایجنڈہ کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا ۔ انہو ںنے حکومت پر تمام اختیارات ایک شخص کے پاس مرکوز کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ افسر شاہی کو سیاسی رنگ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ کس وزیر کیلئے کونسا پرسنل اسٹاف ہونا چاہئے، اس کے بجائے اہم مسائل پر توجہ دیں ۔ انہوں نے سابق سالیسیٹر جنرل گوپال سبرامنین کا نام سپریم کورٹ جج کی حیثیت سے تقرر کیلئے مسترد کرنے پر بھی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن تحریک التواء کے ذریعہ تمام مسائل پارلیمنٹ میں اٹھائے گی ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ کانگریس پارلیمنٹ کی کارروائی میں رکاوٹ کھڑی نہیں کرے گی جیسا پیشرو یو پی اے حکومت میں بی جے پی کیا کرتی تھی۔ آنند شرما نے یہ بھی اشارہ دیا کہ ایوان میں باہمی ربط کی برقراری کیلئے کانگریس دیگر جماعتوں سے رجوع ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مسائل پر ہم ان جماعتوں سے تائید کیلئے تیار ہیں جو حکومت کو نشانہ بنانا چاہتی ہیں۔