کیا چمگادڑ اندھی ہوتی ہے ؟

پیارے بچو! چمگادڑ کو اندھا کہنا صحیح نہیں ہے، البتہ اُس کی آنکھیں بہت کمزور ہوتی ہیں۔ وہ اندھیرے اور اُجالے کا فرق جانتی ہے، لیکن یہ بتانا بہت مشکل ہے کہ وہ کسی چیز کو دیکھ بھی سکتی ہے یا نہیں؟چمگادڑ بھی ان جانوروں میں شامل ہے جو رات کی تاریکی میں خوراک کی تلاش میں نکلتے ہیں۔
وہ کیڑے مکوڑے کھاتی ہے اور پوری رات انہی کی تلاش میں گزارتی ہے۔ وہ ایک ایسی آواز نکالتی ہے جس کی لہریں دور تک جاتی ہیں۔ جب یہ لہریں کسی حرکت کرنے والی چیز سے ٹکراتی ہیں تو مڑ کر واپس آجاتی ہیں، اور اس سے چمگادڑ کو یہ پتہ چل جاتا ہے کہ وہ چیز کس شکل کی ہے اور کتنے فاصلے پر ہے، گویا یہ آواز اس کے لئے ریڈار کا کام کرتی ہے۔یہ آواز چمگادڑ اپنی ناک سے نکالتی ہے اور پھر اپنے شکار کے قد اور اس کے فاصلے کا اندازہ کرکے اس پر حملہ کرتی ہے۔