کیا وھیل کو مچھلی کہا جاسکتاہے ؟

پیارے بچو! وھیل کا شمار مچھلیوں میں نہیں ہوتا۔ اگرچہ وھیل اور مچھلیاں دونوں سمندر میں رہتی ہیں، لیکن وھیل اور مچھلی دو مختلف جانور ہیں۔ وھیل کے جسم میں جانوروں کی طرح گرم خون دوڑتا ہے اور وہ اپنے پھیپھڑوں سے سانس لیتی ہے۔
اس کے جسم پر چربی کی ایک موٹی تہہ ہوتی ہے جس کی وجہ سے اسے ٹھنڈے پانی میں سردی محسوس نہیں ہوتی۔ وہ بچے دیتی ہے اور انہیں دودھ پلاتی ہے۔ مچھلیوں کا خون ٹھنڈا ہوتا ہے، وہ اپنے گلپھڑوں سے سانس لیتی ہیں اور انڈے دیتی ہیں۔ اس لئے وھیل کو مچھلی کی ایک قسم سمجھنا درست نہیں ہے۔ وھیل کی تمام عمر سمندر میں بسر ہوتی ہے اور اسے دیکھ کر یوں معلوم ہوتا ہے کہ وہ کوئی مچھلی ہے، لیکن وہ مچھلی نہیں ہے۔ وھیل دنیا کا سب سے بڑا جانور ہے۔ ایک سو فٹ سے زیادہ لمبی اور ایک سو بیس ٹن سے زیادہ وزنی ہوتی ہے۔ اگر ترازو کے ایک پلڑے میں 20ہاتھی اور دوسرے پلڑے میں ایک وھیل رکھ دی جائے تو وھیل کا پلڑا بھاری ہوگا۔