کیا مَیں وارانسی سے مقابلہ نہ کروں، پرینکا گاندھی کا سوال

رائے بریلی ؍ ایودھیا 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا نے آج اشارہ دیا کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی سے ان کے حلقہ لوک سبھا میں مقابلے سے گریز نہیں کریں گی۔ ایک اجلاس میں شریک کانگریسی کارکن نے ان سے سوال کیا تھا کہ آیا وہ رائے بریلی سے مقابلہ کریں گی جس پر پرینکا گاندھی وڈرا نے کہاکہ ’کیا وراناسی سے مجھے مقابلہ نہیں کرنا چاہئے؟ پرینکا نے اپنی والدہ سونیا گاندھی کے حلقہ انتخاب رائے بریلی میں جمعرات کی شب کانگریسی قائدین اور کارکنوں کا اجلاس طلب کیا تھا جہاں ان سے انتخابی میدان میں اُترنے کی درخواست کی گئی تھی۔ پرینکا نے اپنے بھائی راہول گاندھی کے حلقہ انتخاب امیٹھی میں چہارشنبہ کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ پارٹی کی ہدایت پر وہ انتخابی مقابلہ کرنے تیار ہیں۔

بی جے پی حکومت دولتمندوں کی دوست کسانوں کی دشمن
پرینکا گاندھی نے بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے اس کو کسانوں کی مخالف اور دولتمندوں کی حامی قرار دیا اور ووٹرس سے اپیل کی کہ زعفرانی جماعت کو اقتدار سے بیدخل کیا جائے۔ اُنھوں نے وزیراعظم نریندر مودی پر خود اپنے حلقہ انتخاب وراناسی کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا۔ پرینکا نے اترپردیش کے تین روزہ دورہ کے آخری دن یہاں ایک ’نکڑ سبھا‘ (کارنر میٹنگ) سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’کسان قرضوں کے بوجھ تلے دب چکے ہیں اور حکومت صرف غریبوں کی مدد پر توجہ مرکوز کررہی ہے جس سے دولتمند مزید دولتمند ہورہے ہیں‘۔ حکومت کے پاس بزنسمین کو دینے کے لئے پیسہ ہے لیکن غریبوں کو دینے کے لئے اس کے پاس پیسہ نہیں ہے۔