کیا سادھوی بھی بچے پیدا کریں گی؟ شیو پال سنگھ یادو کا تلخ ریمارک

لکھنو 4 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کے کابینی وزیر شیوپال سنگھ یادو کی زبان اس وقت پھسل گئی،جب وہ مرکزی حکومت کو اپنی سخت تنقیدوں کا نشانہ بنارہے تھے۔ دراصل ہندوؤں کو زیادہ بچے پیدا کرنے کی صلاح پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے شیوپال نے کہا کہ بی جے پی سے وابستہ لیڈر چار چار بچے پیدا کرنے کی بات تو کہتے گھوم رہے ہیں، لیکن کیا سادھوی بھی ایسا کریں گی؟ کابینی وزیر شیوپال ایس پی ضلع صدر ویرپال سنگھ یادو کے بیٹے کے تلکوتسو پروگرام میں حصہ لینے یہاں آئے تھے۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا، سادھوی پراچی ہو یا کوئی اور، کسی کو بھی اس طرح کے بیان نہیں دینا چاہئے۔ہندوؤں سے چار بچے پیدا کرنے کے اعلان کی انہوں نے مذمت کی۔

انہوں نے الزام لگایا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت نے سات ماہ میں کچھ نہیں کیا۔ نہ کالا دھن واپس آیا، نہ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار ملا اور نہ ہی چین کے قبضے سے زمین چھڑائی جاسکی۔ کام نہیں، بس وعدے کئے۔ شیوپال سنگھ نے کہا کہ جھوٹ بولنے والے اور ملک توڑنے والے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ بنیادی اور اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے اُلٹے سیدھے بیانات دئیے جارہے ہیں۔ سماج وادی پارٹی کے قومی صدر ملائم سنگھ یادو کے بیان پرکہ حکومت ٹھیک سے کام نہیں کر رہی ہے، کے حوالے سے پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ حکومت اچھا کام کررہی ہے۔

اس میں اور بہتری لائیں گے۔ لااینڈ آرڈرکے حوالے سے سوالات کئے جانے پر کہا کہ گجرات اور تمام ریاستوں سے یہاں کے حالات اچھے ہیں۔ تاہم شیوپال سنگھ یادو کے متنازعہ بیان پر طوفان کھڑا ہو گیا ہے۔ وشوا ہندو پریشد کی فائر برینڈ سیاسی لیڈر سادھوی پراچی نے جوابی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سوشلزم میں اسبھے وادکی (بدتہذیبی) کی شمولیت ہو گئی ہے۔ سماج وادی لیڈروں میں خواتین پر غلط تبصرہ کی دوڑ سی شروع ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تازہ بیان کو لے کر وہ چپ نہیں بیٹھے گی۔ ہری دوار میں مترا کے بعد وہ شیوپال سنگھ یادو کے خلاف مقدمہ درج کراکر انہیں حکومت سے ہٹانے کی مہم بھی شروع کرے گی۔ ریاستی حکومت کے کابینی وزیر اور سماج وادی پارٹی کے قدآور لیڈر شیوپال سنگھ یادو جمعرات کو ایک نجی پروگرام میں بریلی آئے تھے۔ اس دوران انہوں نے سادھوی کے بارے میں متنازعہ بیان دے دیا تھا۔