کیا بات ہے !

٭کسی نے قاضی سے پوچھا: ’’ پستے کا حلوہ مزیدار ہوتا ہے یا بادام کا؟ ‘‘۔قاضی نے جواب دیا: ’’ چونکہ یہ انصاف کا معاملہ ہے اور فریقین کی غیر حاضری میں انصاف نہیں ہوسکتا لہذا دونوں کو حاضر کیا جائے۔‘‘
٭ ایک ڈاکٹر مریض کے پیچھے بھاگ رہا تھا تو لوگوں نے پوچھا: ’’ کیا ہوا ؟ ‘‘۔ ڈاکٹر نے بے بسی سے کہا: ’’ چوتھی بار ایسا ہوا ہے کہ کم بخت دماغ کا آپریشن کروانے آتا ہے اور بال کٹواکر بھاگ جاتا ہے۔‘‘

٭ایک دوست: ’’ میں روزانہ مُرغ کے ساتھ روٹی کھاتا ہوں۔‘‘ دوسرا دوست: ’’ اس مہنگائی کے دور میں ، وہ کیسے ؟ ‘‘ پہلا دوست : ’’ ایک لقمہ میں لیتا ہوں، دوسرا مرغ کو دیتا ہوں۔‘‘
٭ لطیف: ’’ آج کل میں جو بھی خواب دیکھتا ہوں بالکل صحیح نکل آتا ہے۔‘‘قمر: ’’ وہ کیسے ؟ ‘‘ لطیف: ’’ کل میں کلاس میں سوگیا۔ خواب میں دیکھا کہ ماسٹر صاحب مجھے پیٹ رہے ہیں۔ آنکھ کھلی تو واقعی ماسٹر صاحب مجھے پیٹ رہے تھے۔‘‘

٭استاد نے کلاس روم میں شاگردوں سے سوال کیا: ’’ بتاؤ زمین اور چاند کا آپس میں کیا رشتہ ہے؟ ‘‘ ایک شاگرد نے جواب دیا: ’’ بہن، بھائی کا! ‘استاد نے مسکراتے ہوئے پوچھا: ’’ وہ کیسے ؟ ‘‘ ’’ وہ اس طرح کہ ہم چاند کو ماموں اور زمین کو ماں کہتے ہیں، اس لئے دونوں بہن، بھائی ہوئے۔‘‘ شاگرد نے جواب دیا۔
٭ دانتوں کے ڈاکٹر نے مریض کا معائنہ کرتے ہوئے کہا: ’’ منہ کھولیں۔‘‘ مریض نے زور لگاکر پورا منہ کھول دیا تو ڈاکٹر نے مسکرا کر کہا:’’ ارے بھائی! منہ اتنا کیوں کھول رہے ہو، مجھے آپ کے دانت باہر سے ہی دیکھنے ہیں ، منہ کے اندر جاکر نہیں…‘‘