بی جے پی حکومت اِنتشار پسندانہ ایجنڈہ پر عمل پیرا ، کانگریس کی اصل مسائل پر توجہ : ششی تھرور
نئی دہلی۔ 29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں ’’کیا اچھے دن آگئے ہیں‘‘ پر ہر کسی سے پوچھ لیجئے، ان میں سے زیادہ تر لوگ کہیں گے ’’نہیں‘‘ جبکہ بی جے پی ترقی کے جھوٹے پروپگنڈہ کے ساتھ صرف انتشار پسند ایجنڈہ پر عمل پیرا ہے۔ کانگریس ، اصل مسائل پر توجہ دے کر ان کی یکسوئی کیلئے زور دے رہی ہے۔ بی جے پی کے پاس ایسا کوئی کارنامہ اور کامیابی والی بات نہیں ہے جس کو وہ بتا سکے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر ششی تھرور نے کہا کہ زعفرانی پارٹی نے ’’اچھے دن‘‘ کا وعدہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام کو کئی سہولتیں دی جائیں گی لیکن یہ وعدے پورے نہیں ہوئے۔ اس بات کا ادعا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت خارجہ پالیسی کے محاذ پر بری طرح ناکام ہے۔ ششی تھرور نے کہا کہ کانگریس ان ناکامیوں کو عوام کے سامنے لارہی ہے اور مودی حکومت کی نام نہاد اسکیموں سے عوام کو چوکس کررہی ہے۔ بی جے پی کے ’’کھوکھلے نعروں‘‘ سے واقف کروایا جارہا ہے۔ رائے دہندوں سے صرف سادہ سا سوال کیا جائے کہ کیا آپ کو 2014ء میں جو سہولتیں تھیں، اب بھی یہ دستیاب ہیں ۔ اس سے بہتر سہولتیں مل رہی ہیں۔ آپ کے لئے ’’اچھے دن آگئے ہیں‘‘ تو ان میں زیادہ تر لوگوں نے یہی کہا کہ ’’نہیں‘‘۔ بی جے پی کی جانب سے ’’اچھے دن‘‘ کا نعرہ دیا گیا تھا جو قبول بھی کیا گیا تھا۔ 2014ء میں انتخابات میں بی جے پی نے اس نعرے کے ذریعہ رائے دہندوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرنے کی کوشش کی تھی جس کے بعد نریندر مودی زیرقیادت بی جے پی حکومت بھاری اکثریت سے برسراقتدار آگئی۔ تھرواننتاپورم ( کیرلا) سے نمائندگی کرنے والے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے کہا کہ صدر کانگریس راہول گاندھی کی پارلیمنٹ میں عدم اعتماد تحریک مباحث کے دوران کی گئی تقریر سے واضح ہوگیا کہ پارٹی نے اپنا ایجنڈہ تیار کرلیا ہے اور وہ اہم مسائل کو اٹھائے گی۔