کیا آپ کے بچے کی اسکول بس صحت مند ہے؟

حیدرآباد 2 جون (سیاست نیوز) یکم جون سے اسکولوں کا آغاز ہوچکا ہے جبکہ 2 جون کو ریاست کے تقریباً تمام اسکولس میں تلنگانہ کی یوم تاسیس بھی بڑی جوش و خروش سے منائی گئی ہے۔ نئے تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ ہی جہاں طلبہ کو نئے بستے اور نئی کتابوں کی خوشی ہے تو وہیں اولیائے طلبہ بچوں کے تعلیمی اخراجات کی تکمیل میں دوڑ دھوپ کررہے ہیں لیکن شاید ان کی توجہ ایک اہم مسئلہ کی سمت نہیں گئی ہوگی کہ ان کا بچہ اسکول کی جس بس سے گھر سے اپنے اسکول تک سفر کررہا ہے وہ آر ٹی او قوانین کے مطابق صحت مند ہے؟ کیوں کہ گزشتہ تعلیمی سال کے دوران اسکولس بسوں کو چند ایک حادثات پیش آتے ہیں جن میں بنیادی وجوہات میں اسکول بس یا ویان کا بہتر حالت میں نہ ہونا بھی شامل ہے۔ تعلیمی سال کے پہلے ہی دن میڑچل ڈی ٹی او نے 8 اسکولس بسوں کو ضبط کرلیا اور اب ان بسوں کو عدالتوں میں پیش کیا جائے گا کیوں کہ متعلقہ شعبہ کی جانب سے 10 دن قبل ہی اسکول بسوں کے لئے ہدایات جاری کی گئی تھیں جن میں بسوں کے پرمٹ، فٹ نس اور دیگر چیزوں کو شامل کیا گیا تھا۔ اولیائے طلبہ کے لئے بھی یہ ضروری ہوچکا ہے کہ وہ اس بس ویان یا آٹو کے متعلق اطمینان حاصل کرلیں جن میں ان کا بچہ اسکول سے گھر اور گھر سے اسکول کا سفر طے کرتا ہے۔