کیا آپ موبائیل فون فروخت کرنا چاہتے ہیں ؟صرف فارمیٹ کرنا کافی نہیں ‘ مکمل ڈاٹا کو مٹانا ضروری

حیدرآباد۔26ڈسمبر(سیاست نیوز) موبائیل فون کی فروخت سے قبل فون کو فارمیٹ کرنے کے بجائے اس میں موجود مکمل ڈاٹا کو مٹانا ضروری ہے اگر صرف فارمیٹ کرتے ہوئے موبائیل فروخت کردیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں اس میں محفوظ کیا گیا مواد دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ نوجوان نسل میں جاری رجحان کے مطابق نوجوان اپنے ڈیبٹ ‘ کریڈٹ کارڈ کے علاوہ دیگر تفصیلات فون میں محفوظ کرنے لگے ہیں اور ان تفصیلات کا از سرنو حصول کافی آسان ہے۔ اس کے علاوہ اکثر نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اپنے فون میں تصاویر جمع رکھتے ہیں اور جب فون فروخت کیا جاتا ہے تو اس وقت فون کو صرف فارمیٹ کرتے ہوئے فروخت کردیا جاتا ہے جو کہ مناسب نہیں ہے فون کی فروخت کے وقت اس بات کا خصوصی خیال رکھا جانا چاہئے کہ فون کو فیاکٹری ریسیٹ کیا جائے کیونکہ جب تک فیاکٹری ریسیٹ نہیں کیا جاتا اس وقت تک فون میں پاسورڈ کے علاوہ دیگر مواد بھی محفوظ رہتا ہے اور اس مواد کا غلط استعمال بھی ممکن ہو سکتا ہے۔ فون کی خرید و فروخت کرنے والوں کا کہناہے کہ اکثر فون جو فروخت کیلئے لائے جاتے ہیں ان میں ڈاٹا موجود ہوتا ہے جسے انہیں ریسیٹ کرنا پڑتا ہے کیونکہ اگر فون کسی غلط ہاتھ میں چلا جائے تو فون کے سابقہ مالک کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کسی بھی موبائیل فون میں موجود ڈاٹا کو بہ آسانی بازیاب کیا جاسکتا ہے اس بات کا سائبر مجرمین کو تو پتہ ہے لیکن بسا اوقات فون میں رہ جانے والی ایک تصویر بھی فون فروخت کرنے والے کیلئے تکلیف کا سبب بن سکتی ہے اسی لئے فون کی فروخت کے وقت اس بات کا خصوصی خیال رکھا جانا چاہئے کہ فون میں موجود تمام پرسنل ڈاٹا مٹایا جاچکا ہے ۔ فون میں نمبروں کے ساتھ بینک کھاتوں‘ کریڈیٹ وڈیبیٹ کارڈ کی تفصیلات فون میں رکھنے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے جو کہ نئے فون خریدنے والے کو آپ کے کھاتوں تک رسائی کو ممکن بنا سکتا ہے ۔ اسی لئے فون کی فروخت کے وقت اس بات کا خصوصی خیال رکھا جائے کہ نئے فون میں اپنے فون کا مواد منتقل کرنے کے فوری بعد فروخت کئے جانے والے فون میں موجود مواد کو مکمل طور پر مٹا دیا جائے کیونکہ اگراسے ویسے ہی رکھا جاتا ہے تو ایسی صورت میں اس مواد کا غلط استعمال ممکن ہے کیونکہ بسا اوقات مختلف فولڈرس میں تصاویر یا ویڈیوز محفوظ ہوجاتی ہیں جو کہ فون میں باقی رہ جاتی ہیں اور ان تصاویر کا بھی غلط استعمال کیا جاسکتا ہے ۔ اسی لئے فون کو فروخت کرنے سے قبل اسے فیکٹری ریسیٹ کردیا جانا چاہئے تاکہ فون میں کسی قسم کا مواد یا پاسورڈس وغیرہ محفوظ نہ رہیں۔