بچو ! آپ نے یہ تو سنا ہوگا کہ بہت سے پودے جڑی بوٹیوں کے طور پر ادویات بنانے میں کام آتے ہیں لیکن یہ نہیں سنا ہوگا کہ کوئی پودا ہیرے بھی تلاش کرسکتا ہے، جی ہاں مغربی افریقہ میں پایا جانے والا ایک نایاب پودا ہیروں کے متلاشی افراد کا بہترین معاون ہے۔ ماہرین کے نزدیک یہ پودا جس جگہ اُگتا ہے وہاں ممکنہ طور پر ہیرے موجود ہوسکتے ہیں۔اس پودے کا نام ’’پینڈانس کینڈلبرم‘‘ ہے جو کمبر لائٹ سے بھرپور مٹی میں اُگتا ہے۔ یہ پودا زیادہ تر لائبیریا میں پایا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس سے قبل کئی ایسے درختوں اور پودوں پر تحقیق کی گئی جو زمین کے اندر مختلف دھاتوں اور معدنیات کی نشاندہی کرسکتے ہیں۔ مثلاً کچھ پودے تانبے کا پتا بھی دیتے ہیں لیکن حیرت انگیز طور پر ہیرے کی تلاش میں مدد دینے والا یہ پہلا پودا ہے۔