تیاریاں مکمل ، کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مہیش مرلی دھر بھگوت کا خطاب
حیدرآباد یکم / نومبر ( سیاست نیوز ) کیابس اور ٹیکسی کی طرز پر اب رچہ کنڈہ میں آٹوز کیلئے بھی سیکوریٹی رجسٹریشن لازمی کردیا جائے گا جس کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ یہ بات کمشنر آف پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے بتائی جو آج یہاں ایل بی نگر میں ایک تقریب کو مخاطب تھے ۔ ’’ مائی کیاب از سیف ‘‘ میری ٹیکسی محفوظ ہے کہ دو سالہ تکمیل کے موقع پر اس تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا ۔ سوسائٹی فار سیکوریٹی کونسل اور ٹریفک پولیس رچہ کنڈہ باہمی اشتراک سے اس تقریب کو منعقد کیا گیا تھا ۔ اس موقع پر ایل بی نگر میں ٹیکسی رجسٹریشن بوتھ کا بھی افتتاح عمل میں لایا گیا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ رچہ کنڈہ میں یہ پہلا بوتھ ہے جبکہ قبل ازیں کوکٹ پلی میں ایک بوتھ موجود ہے ۔ کمشنر نے بتایا کہ اپل ، ونستھلی پورم اور ابراہیم پٹنم دیگر علاقوں کے علاوہ رچہ کنڈہ کمشنریٹ کے دو زونس کیلئے کافی فائدہ مند ثابت ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ تاحال 23,564 گاڑیوں کا رجسٹریشن ہوا ہے ۔ جن میں 29411 گاڑیوں کو اسٹیگر جاری کرائے گئے ہیں ۔ جس کے کیو آر نمبر کے ذریعہ گاڑی میں سوار ہونے والے مسافرین بالخصوص خواتین و لڑکیاں ڈرائیور اور گاڑی کے مالک کے متعلق تمام تر تفصیلات منٹوں میں حاصل کرسکتے ہیں اور فوری اپنے کسی رشتہ دار کو روانہ کرسکتے ہیں ۔ جس سے کہ ان کی حفاظت مزید یقینی ہوجائے اور اطمینان بخش اور محفوظ سفر ممکن ہو ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر سال ان بوتھ پر 10 ہزار گاڑیوں کا رجسٹریشن اور انہیں سیکوریٹی اسٹیگر جاری کیا گیا ہے اور اب آٹوز کیلئے بھی اس طریقہ کار کو رائج کیا جائے گا جوکہ انتخابات کے پیش نظر روک دیا گیا ہے ۔ جس کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ اس موقع پر رچہ کنڈہ پولیس کے اعلی عہدیدارسوسائٹی فار سیکوریٹی کونسل کے عہدیدار موجود تھے ۔