کھیل کود کی سرگرمیوں کو سیاست سے نہ جوڑنے کا مشورہ

نیکلس روڈ پر 10 کے رن ، ملیکا سنگھ اور دیگر کی شرکت
حیدرآباد ۔ /29 نومبر (سیاست نیوز) شہر میں 10-K فاؤنڈیشن کے زیراہتمام آج صبح نیکلس روڈ پر منظم کردہ 10-K رن کا نامور رنر ملیکا سنگھ نے جھنڈی دکھاکر آغاز کیا ۔ اس رن میں ایک اندازہ کے مطابق زائد از 1200 افراد نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا ۔ممتاز تلگو فلم ڈائرکٹر مسٹر ڈی سریش بابو ، ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون مسٹر کملاش ریڈی ، و دیگر اہم شخصیتوں نے بھی اس رن میں حصہ لیا ۔ اس موقعہ پر مسٹر میلکاسنگھ نے اپنا اظہار خیال کیا اورکہا کہ رن فار ویلنس کا پیام دینے کیلئے ہی آج اس رن کا اہتمام کیا گیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیل کود کی سرگرمیوں کو سیاست سے مربوط نہیں کیا جانا چاہئیے تاکہ کھیل کود کی سرگرمیوں میں سیاسی مداخلت کے باعث کافی منفی اثرات مرتب ہوں گے اور کھیل کود کے شعبہ میں ملک کا جو مقام ہے وہ کسی بھی وقت متاثر ہوسکتا ہے ۔ مسٹر میلکا سنگھ نے بالواسطہ طور پر ملک کے سیاستدانوں اور مرکزی حکومت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ملک میں صرف کرکٹ پر ہی اولین ترجیح و اہمیت دی جارہی ہے اور دیگر کھیلوں وغیرہ کو مکمل طور پر نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے اس طرز عمل پر اپنے تاسف کااظہار کرتے ہوئے حکومتوں سے صرف کرکٹ کے بجائے دیگر کھیلوں اور اسپورٹس سرگرمیوں پر اپنی اولین ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ملک میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی ہرگز کوئی کمی نہیں ہے جس کی وجہ سے آج ملک کے مختلف کھلاڑیوں  ، کھیل کود کے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کرکے ملک کا نام روشنکررہے ہیں ۔ بلکہ اس شاندار مظاہرہ سے نہ صرف ملک کی بلکہ کھلاڑیوں کی بھی زبردست شہرت ہورہی ہے ۔