حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : علاقہ وارث گوڑہ سکندرآباد سے روانہ 60 یاتریوں کا گروپ جو کہ آج صبح کھٹمنڈو پہنچ گیا تھا لیکن ان تک موبائیل فون پر رسائی حاصل نہیں ہوسکی ۔ افراد خاندان نے بتایا کہ یاتریوں کے گروپ نے آج صبح بخیریت کھٹمنڈو پہنچنے کی اطلاع دی ۔ لیکن نیپال میں زبردست زلزلہ آنے کے بعد جب رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی گئی تو رسائی حاصل نہیں ہوسکی ۔ ایک یاتری کے رشتہ دار مسٹر کے وی آر پرساد نے بتایا کہ زلزلے کی اطلاع ملتے ہی میں نے سیل فون پر ربط قائم کرنے کی کوشش کی جو کہ بند پائے گئے ۔ یاتریوں کا یہ گروپ جس میں اکثریت معمرین کی ہے ۔ 21 اپریل کو الہ آباد کے لیے روانہ ہوا ۔ ایودھیا اور گورکھپور کا دورہ کرنے کے بعد آج صبح کھٹمنڈو پہنچا تھا ۔ دریں اثناء سائی بابا ٹراویلس کے ذریعہ روانہ 28 یاتریوں کے ایک اور گروپ کے رشتہ داروں نے اس وقت سکون کی سانس لی جب انہیں اطلاع دی گئی کہ وہ کھٹمنڈو میں بخیریت ہیں ۔۔