حیدرآباد ۔ 30 ۔ دسمبر : ( این ایس ایس) : کانگریس کے رکن قانون ساز کونسل پی سدھاکر ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ریاست میں خانگی تعلیمی ادارے فیس کے نام پر عوام کو لوٹ رہے ہیں ۔ انہوں نے آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ خانگی تعلیمی اداروں کی لوٹ مار کے خلاف کانگریس کے شدید دباؤ کے بعد ریاستی حکومت نے تروپتی راؤ کمیٹی تشکیل دی تھی ۔ لیکن تروپتی راؤ کمیٹی کی رپورٹ ’ کھودا پہاڑ نکلا چوہا ‘ کے مترادف ہے ۔ سدھاکر ریڈی نے ریمارک کیا کہ ’ یہ واضح ہوگیا ہے کہ خانگی تعلیمی اداروں نے تروپتی راؤ کمیٹی کو ہموار کرلیا ہے ‘ ۔ انہوں نے کہا کہ تروپتی راؤ کمیٹی کی سفارشات انتہائی قابل اعتراف ہیں کیوں کہ ان میں فیس پر کنٹرول کرنے کے بجائے سالانہ 10 فیصد اضافہ کی تجویز رکھی ہے ۔ سدھاکر ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت تمام یونیورسٹیوں میں مخلوعہ جائیدادوں کو پر کرنے پر توجہ مرکوز نہیں کررہی ہے ۔ کانگریس کے قائد نے تعلیمی اداروں سے متعلق تمام امور پر تبادلہ خیال کے لیے کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔۔