کھمم کے 7منڈلوں کے آندھراپردیش میں انضمام پر تلنگانہ اسمبلی میں تلخ مباحث

کانگریس اور ٹی آر ایس ارکان کے درمیان الزامات کا تبادلہ ‘ ہریش راؤ کی وضاحت سے اپوزیشن غیر مطمئن
حیدرآباد ۔ 16 ۔ مارچ (سیاست نیوز) کھمم ضلع کے 7 منڈلوں کے آندھرا پردیش میں انضمام کے مسئلہ پر آج تلنگانہ اسمبلی میں برسر اقتدار ٹی آر ایس اور اپوزیشن کانگریس کے درمیان گرما گرم مباحث ہوئے اور کانگریس نے واک آؤٹ کیا۔ دونوں پارٹیوں نے تلنگانہ کے علاقوں کی آندھراپردیش میں منتقلی کیلئے ایک دوسرے کو ذمہ دار قرار دیا۔ ایک مرحلہ پر کانگریس کے ارکان وزیر آبپاشی ہریش راؤ کے ریمارکس کے خلاف ایوان کے وسط میں پہنچ کر احتجاج کرنے لگے۔ کانگریس کے ارکان نے دو مرتبہ ایوان کے وسط میں اسپیکر کے پوڈیم کے قریب احتجاج کیا اور آندھراپردیش کی تقسیم کے سلسلہ میں کانگریسی قائد جئے رام رمیش کا نام تنازعہ میں گھسیٹنے پر اعتراض کیا ۔کانگریس کے ارکان نے کھمم کے 7 منڈلوں کی بازیابی کے سلسلہ میں چیف منسٹر چندرا شیکھر راؤ کی جانب سے کل جماعتی وفد دہلی لیجانے سے متعلق وعدے کو پورا نہ کرنے پر بطور احتجاج ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ ہنگامہ اس وقت شروع ہوا جب وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے سیلیرو ہائیڈرو الیکٹرک پراجکٹ کھمم سے تلنگانہ کو برقی کی سربراہی کے مسئلہ پر جواب دیتے ہوئے 7 منڈلوں کے آندھرا میں انضمام کیلئے کانگریس کو ذمہ داری قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کے مرکزی وزیر جئے رام رمیش کے سبب تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔ کانگریس کے رکن پی اجئے کمار نے ان الزامات کی مذمت کی اور کہا کہ ٹی آر ایس کی خاموشی کے سبب یہ علاقے آندھراپردیش میں شامل ہوئے ہیں۔ کانگریس کے رکن ڈاکٹر چنا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ کے حصول کیلئے کے سی آر نے 7 منڈلوں کے مطالبہ پر خاموشی اختیار کرلی۔ ٹی آر ایس کی خاموشی کے سبب ہی تلنگانہ کے 7 منڈل آندھراپردیش میں شامل کردیئے گئے۔ وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے وضاحت کی کہ کے سی آر نے 7 منڈلوں کے مسئلہ پر بند کا اعلان کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ان علاقوں کی بازیابی کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ تلگو دیشم اور ٹی آر ایس ارکان کے درمیان تلخ الفاظ کا تبادلہ عمل میں آیا اور اسپیکر مدھو سدن چاری کو ایوان میں نظم بحال کرنے میں دشواری پیش آئی۔ ہریش راؤ نے کانگریس سے سوال کیا کہ آندھراپردیش تنظیم جدید بل کو کیا جئے رام رمیش نے تیار نہیں کیا ؟ انہوں نے پوچھا کہ کیا کانگریس پارٹی نے یہ بل پارلیمنٹ میں پیش نہیں کیا؟ ہریش راؤ کے ان سوالات پر کانگریس ارکان نے احتجاج کیا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ راجیہ سبھا میں کانگریس کی مدد سے اس بل کو منظوری دی گئی اور کانگریس نے 7 منڈلوں کے مسئلہ پر خاموشی اختیار کرلی۔ بی جے پی کے فلور لیڈر ڈاکٹر لکشمن نے الزام عائد کیا کہ ریاست کی تقسیم کے مسئلہ پر کانگریس دوہرا موقف اختیار کئے ہوئے ہے۔ 7 منڈلوں کی آندھراپردیش میں منتقلی کے لئے کانگریس ذمہ دار ہے۔ اس کیلئے مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو کو ذمہ دار قرار دینا مناسب نہیں۔ لکشمن نے حکومت سے کل جماعتی وفد نئی دہلی روانہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ قائد اپوزیشن جانا ریڈی کی مداخلت کے بعد اسپیکر نے کانگریس کے رکن اجئے کمار کو اظہار خیال کا موقع دیا جس کے بعد ایوان کی کارروائی کو آگے بڑھایا جاسکا۔