کھمم کے 7منڈلوں کی سیما آندھرا میں شمولیت اعتراض

نئی ریاست میں برقی صورتحال متاثر ہوگی : صدر جمہوریہ کو چندر شیکھر راؤ کا مکتوب

حیدرآباد۔/4مارچ، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کو مکتوب روانہ کرکے اپیل کی کہ کھمم کے 7منڈلوں کو سیما آندھرا میں ضم کرنے سے متعلق مرکز کے فیصلہ کو منظوری نہ دیں۔ چندرشیکھر راؤ نے صدرجمہوریہ کو آج روانہ کردہ مکتوب میں مرکز کے فیصلہ کو تلنگانہ عوام اور بالخصوص قبائیل کیلئے نقصاندہ قرار دیا۔ انہوں نے 23فبروری 2014ء کو ٹی آر ایس قائدین کی راشٹرپتی بھون میں ملاقات کا تذکرہ کیا اور کہا کہ نئی ریاست کے روشن مستقبل کیلئے صدرجمہوریہ نے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا جس سے ٹی آر ایس قائدین کافی متاثر ہوئے۔ کے سی آر نے آندھرا پردیش تنظیم جدید بل کو صدر کی منظوری اور گزٹ میں اشاعت پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی ریاست کی تشکیل پر تلنگانہ عوام نے ابھی جشن کا آغاز ہی کیا تھا کہ اندرون 24گھنٹے مرکز نے آرڈیننس سے معاملہ کو اُلٹ دیا ہے۔

مرکز کے فیصلہ سے پولاورم پراجکٹ کے تحت قبائیلی آبادی کو نقصان ہوگا اور تلنگانہ کو برقی کی حصہ داری متاثر ہوگی۔ انہوں نے اس فیصلہ کو دستور کے مغائر قرار دیا۔ کہا گیا ہے کہ تلنگانہ بل کو کابینہ میں وسیع تر مشاورت، گروپ آف منسٹرس اور اسمبلی میں مباحث کے بعد منظوری دی گئی جسے پارلیمنٹ نے منظور کیا اور صدر جمہوریہ نے منظوری دی۔یہ بل یکم مارچ کو بالآخر قانون کی شکل اختیار کرچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اور سیما آندھرا کی سرحدوں کو تبدیل کرنے سے متعلق آرڈیننس کے یہ حصے متعلقہ بل میں شامل نہیں اور نہ انہیں اسمبلی کی رائے حاصل کرنے رجوع کیا گیا جوکہ دستور کی دفعہ 3کے تحت لازمی ہے۔ مکتوب میں کہا گیا ہیکہ مجوزہ آرڈیننس سے برقی شعبہ میں تلنگانہ کو نقصان ہوگا۔اس سے 450میگا واٹ ہائیڈرو پاور اسٹیشن سیما آندھرا کے حصہ میں جائیگا۔انہوں نے فیصلہ سے سنٹرل جنریشن اسٹیشنوں سے آندھرا پردیش کی حصہ داری میں ناانصافی کی بھی شکایت کی۔ کے سی آر نے کہا کہ پولاورم پراجکٹ سے تلنگانہ، چھتیس گڑھ اور اڈیشہ کے کئی علاقے زیر آب آئینگے۔ لیکن قبائیل کے نام پر حکومت 7منڈلوں کو تلنگانہ سے نکال کر سیما آندھرا میں ضم کررہی ہے۔ مکتوب میں صدر جمہوریہ سے درخواست کی گئی کہ وہ اس فیصلہ کی مخالفت کریں اور منظوری نہ دیں۔