حیدرآباد ۔ 29 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی ریاستی صدر جی کشن ریڈی نے دیگر پارٹی قائدین کے ہمراہ ٹی آر ایس سربراہ اور نامزد چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر پر الزام عائد کیا کہ وہ آندھرا پردیش کو پولاورم پراجکٹ کے لیے سات منڈلوں کو الاٹ کئے جانے کے فیصلہ پر غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں جب کہ اس کا فیصلہ مودی حکومت سے قبل یکم مارچ 2014 کو لے لیا گیا تھا ۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جی کشن ریڈی نے کہا کہ کانگریس کے دور اقتدار میں اس تعلق سے فیصلہ کو ریاستی تنظیم جدید بل میں شامل کیا جاچکا تھا اور وزیر اعظم منموہن سنگھ نے راجیہ سبھا کو اس سے واقف کروایا تھا جب کہ کے سی آر کانگریس کے اس فیصلہ کی مخالفت کے بجائے بی جے پی حکومت کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔ اس سوال پر کہ آیا ریاستی بی جے پی اس فیصلہ کے خلاف ہے پر کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ اور سیما آندھرا سے مکمل انصاف میں یقین رکھتی ہے ۔ اور متاثرہ افراد کی مکمل باز آباد کاری کو یقینی بنائے گی ۔ اس سوال پر کہ مرکز میں تلنگانہ کو کوئی نمائندگی نہیں دی گئی اس پر ریاستی صدر بی جے پی نے کہا کہ کابینہ توسیع کے موقع پر تلنگانہ کو نمائندگی دی جائے گی ۔۔