کھمم کے عوام کو ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل

کارپوریشن انتخابات کیلئے انتخابی مہم ، وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔/3مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے آج کھمم میں میونسپل کارپوریشن کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ کھمم سے تعلق رکھنے والے وزیر ٹی ناگیشورراؤ کے ہمراہ کے ٹی آر نے مختلف علاقوں میں روڈ شو کا اہتمام کرتے ہوئے عوام سے ٹی آر ایس کو ووٹ دینے کی اپیل کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ترقیاتی کام اور عوام کی فلاح و بہبود ٹی آر ایس حکومت کی پہچان ہے۔ اقتدار کے 20ماہ میں حکومت نے ہر شعبہ میں ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ضلع کھمم تلنگانہ تحریک کا گڑھ رہا ہے۔ کئی اہم قائدین نے کھمم میں تلنگانہ تحریک میں حصہ لیتے ہوئے تحریک کو فروغ دیا۔ کے ٹی آر نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ کی موجودہ پسماندگی کیلئے کانگریس اور تلگودیشم ذمہ دار ہیں۔ دونوں پارٹیوں نے اپنے اقتدار کے دوران کبھی بھی پسماندگی کے خاتمہ پر توجہ نہیں دی۔ کے ٹی آر نے کھمم میں غریبوں کیلئے 5000 ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں 5لاکھ ایکر اراضی کو سیراب کیا جائے گا۔ چیف منسٹر کی مساعی سے بین ریاستی آبی تنازعات کی یکسوئی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدی انتخابات میں تلگودیشم، کانگریس اور وائی ایس آر کانگریس کو ووٹ دینا اپنا ووٹ ضائع کرنے کے مماثل ہے۔ ریاست میں برسراقتدار پارٹی کو کامیاب کرتے ہوئے کھمم کی ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ اگر بلدیہ میں اپوزیشن کو اقتدار رہا تو وہ کس طرح سے فنڈز حاصل کرے گی۔ ریاستی وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ نے دعویٰ کیا کہ کھمم کارپوریشن میں ٹی آر ایس کو واضح اکثریت حاصل ہوگی۔