پارٹیوں کے قائدین الجھن کا شکار ، انتخابی مہم میں مشکلات
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : کانگریس اور سی پی آئی کے درمیان آنکھ مچولی کا کھیل چل رہا ہے ۔ کھمم میں کانگریس سے دوستی کرنے والی سی پی آئی ورنگل میں کانگریس سے کشتی کررہی ہے ۔ جس سے دونوں جماعتوں کے قائدین الجھن کا شکار ہے ۔ ورنگل لوک سبھا کے ضمنی انتخابات اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں کمیونسٹ جماعتوں نے ایک دوسرے سے اتحاد کرتے ہوئے نشستوں کی تقسیم کے ساتھ مقابلہ کیا تھا ۔ مقامی اداروں کے کونسل انتخابات میں کھمم میں کانگریس نے سی پی آئی امیدوار کی تائید کی تھی ۔ دونوں کمیونسٹ جماعتوں کا دونوں میونسپل کارپوریشن ورنگل اور کھمم میں اتحاد نہیں ہے ۔ دونوں علحدہ علحدہ مقابلہ کررہی ہیں ۔ مگر کانگریس اور سی پی آئی میں آنکھ مچولی کا کھیل جاری ہے ۔ سی پی آئی اور کانگریس کے درمیان کھمم میں اتحاد ہوا ہے اور دونوں جماعتیں ایک دوسرے سے تال میل برقرار رکھتے ہوئے کام کررہے ہیں ۔ مگر ورنگل میں صورتحال بالکل تبدیل ہے ۔ دونوں جماعتیں ایک دوسرے سے مقابلہ کررہی ہیں جس سے تلنگانہ کی نمائندگی کرنے والی دونوں جماعتوں کے اہم و سینئیر قائدین کو انتخابی مہم چلانے میں مشکلات پیش آرہی ہے کیوں کہ ایک جگہ پر قائدین کو ایک دوسرے جماعت کی تائید کرتے ہوئے عوام سے ایک دوسرے کے لیے ووٹ طلب کرنا پڑرہا ہے تو دوسرے مقام پر یہی قائدین ایک دوسرے کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔ کانگریس قائدین کا کہنا ہے کہ کانگریس پارٹی قیادت نے جو فیصلہ کیا ہے اس پر ہمیں کام کرنا ہے ۔ جہاں اتحاد وہاں سی پی آئی سے مل کر کام کررہے ہیں جہاں اتحاد نہیں وہاں دوسری جماعتوں کے خلاف چلائی جانے والی انتخابی مہم کی فہرست میں سی پی آئی بھی شامل ہے ۔ کانگریس ایک قومی جماعت ہے ۔ قومی سطح پر فرقہ پرست بی جے پی اور تلنگانہ میں موقع پرست ٹی آر ایس کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے عوامی مسائل کو حکومت سے رجوع کررہی ہے ۔۔