کھمم میں ماؤسٹوں اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ

حیدرآباد ۔ 29 ڈسمبر ( سیاست نیوز) کھمم میں ماؤسٹوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں ماؤسٹوں نے بی ایس این ایل کے سیل فون ٹاور کو دھماکہ سے اڑانے کی ناکام کوشش کی۔ تفصیلات کے بموجب ستیہ نارائنا پورم میں ماؤسٹ دلم کی سرگرمیوں کے پیش نظر ضلع ایس پی محمد شاہنواز قاسم نے اسپیشل پولیس پارٹی کو روانہ کیا تاکہ ماؤسٹوں کے حملہ کو روکا جاسکے ۔ماؤسٹوں کا 40 رکنی دلم وہاں موجود تھا اور سیل فون ٹاور کو نذرآتش کرنے کی کوشش کر رہا تھا ۔ پولیس نے ان پر فائرنگ کردی۔ ماؤسٹوں نے بھی جوابی کارروائی میں پولیس پر فائرنگ کی اور یہ سلسلہ ایک گھنٹہ تک جاری رہا۔ ماؤسٹوں نے مقام واردات پر تین بندوق‘ پٹرول اور دیگر اشیاء چھوڑکر فرار ہوگئے۔ ڈی جی پی انوراگ شرما نے بتایا کہ ماوسٹوں کی جانب سے سیل فون ٹاور کو نذرآتش کرنے کوشش کو پولیس نے ناکام بنادیا۔