کھمم میں بھی گریٹر حیدرآباد کی طرح نتائج برآمد ہوں گے

اپوزیشن جماعتوں کی ضمانتیں ضبط ہوں گی ، یونس سلطان کا ادعا
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کے قائد و سابق رکن اسمبلی مسٹر یونس سلطان نے کہا کہ کھمم میں بھی گریٹر حیدرآباد جیسے نتائج برآمد ہوں گے اور تمام اپوزیشن جماعتوں کی ضمانتیں ضبط ہوں گی ۔ مسٹر یونس سلطان نے کہا کہ گریٹر کھمم کے میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں ٹی آر ایس کامیابی کے نئے ریکارڈ درج کرتے ہوئے کھمم کارپوریشن کی کامیابی چیف منسٹر تلنگانہ کو تحفے کے طور پر پیش کرے گی ۔ کھمم کارپوریشن پر ابھی تک کانگریس اور تلگو دیشم کا قبضہ تھا تاہم تلنگانہ حکومت کی کارکردگی چیف منسٹر کے سی آر کے عملی اقدامات بالخصوص اقلیتوں کی ترقی و بہبود سے متاثر ہو کر عوام ٹی آر ایس کو کامیاب بنانے کا فیصلہ کرچکی ہے ۔ عوامی رائے سے کانگریس ، تلگو دیشم ، کمیونسٹ جماعتیں سی پی آئی اور سی پی ایم کے علاوہ وائی ایس آر کانگریس خوفزدہ ہے اور تمام اپوزیشن جماعتوں کے بیشتر قائدین اپنی اپنی جماعتوں سے مستعفی ہو کر ٹی آر ایس میں شامل ہوچکے ہیں ۔ تمام اپوزیشن جماعتیں اپنے اپنے سیاسی وجود پر منڈلانے والے خطرات کو محسوس کرتے ہوئے ایک دوسرے سے غیر اخلاقی اور ناپاک اتحاد کیا ہے ۔ باوجود اس کے اپوزیشن جماعتوں کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوجائیں گی گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے 150 کے منجملہ 99 بلدی ڈیویژنس پر ٹی آر ایس کو کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ گریٹر کھمم میونسپل کارپوریشن کے 50 کے منجملہ 45 سے زائد ڈیویژنس پر ٹی آر ایس کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے ۔ مسٹر یونس سلطان نے کہا کہ ٹی آر ایس کی تلنگانہ سونامی چل رہی ہے ۔ جس کی زد میں آنے والی تمام جماعتوں کو زمین دوز ہونا پڑرہا ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت نے مختصر عرصے میں کارکردگی اور کامیابی کے معاملے میں تمام ریکارڈز توڑ دیئے ہیں اور حکومت کی کارکردگی سے سماج کے تمام طبقات جہاں مطمئن ہے ۔ وہیں اپوزیشن کے خیموں میں مایوسی چھائی ہوئی ہے ۔ اقلیتوں کی ترقی و بہبود کے لیے چیف منسٹر نے جو حکمت عملی تیار کی ہے اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی ۔ سماجی انصاف صرف ٹی آر ایس سے ممکن ہے ۔ 12 فیصد مسلم تحفظات کے معاملے میں ٹی آر ایس عہد کی پابند ہے ۔ سدھیر کمیٹی کی رپورٹ وصول ہونے کے بعد مسلمانوں سے کئے گئے وعدے کو حکومت عملی جامہ پہنائے گی ۔۔