کھلے مقام میں رفع حاجت ،عہدیداروں نے نوجوان کو برہنہ کرکے اٹھک بیٹھک کرائی

سیہور، مدھیہ پردیش، 24فروری (سیاست ڈاٹ کام) اس ضلع میں ایک پنچایت کے افسر وں کے ذریعہ ایک نوجوان کے کھلے میں رفع حاجت کرنے پراس کا پینٹ اترواکراٹھک بیٹھک کروانے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔دو دن قبل کے اس واقعہ کی ویڈیو کل وائرل ہوگئی۔ اس کے بعد متاثر ہ نوجوان صدمے میں چلا گیا ہے اور حادثے کے بعد سے خود کو اپنے گھر میں بند کرلیا ہے ۔وائرل ویڈیو کے مطابق بدھ کی صبح ضلع کے جاور پنچایت میں پنچایت کے چے ئرمین شیلیش ویدیہ اور چیف میونسپل افسر چندر سنگھ ٹھاکر نے روکو ٹوکو مہم کے تحت ایک نوجوان کی پینٹ اترواکر اسے اسی حالت میں اٹھک بیٹھک کرواکر عوامی طور پر بے عزت کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں افسران اپنے عملہ کے ساتھ صبح شہر میں نکلے تھے ۔اسی دوران انہوں نے گاوں کے اس نوجوان کو کھلے میں رفع حاجت کرتے پایا۔ اس وقت وہاں بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے ۔ اس نوجوانوں کو خوب کھری کھوٹی بھی سنائی گئی۔ اس پورے واقع کی وہاں موجود کسی شخص نے ویڈیو بناکر اسے وائر ل کردیا۔کھلے میں رفع حاجت سے پاک بنانے کی مہم کے تحت افسران کی طرف سے گاوں والوں کے ساتھ بدسلوکی کے معاملے سامنے آرہے ہیں۔