نئی دہلی۔یکم اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) کھانے کی اشیاء تیار کرنے والی کمپنیوں کو اُن کی پیکنگ پر چسپاں لیبل پر اس کے استعمال کی آخری تاریخ کی صراحت ضرور کرنا ہوگا، خاص طور پر ایسی اشیاء کے معاملہ میں احتیاط برتی جائے جن کو زیادہ عرصہ سے محفوظ نہیں رکھا جاسکتا۔ حکومت نے آج پارلیمنٹ میں بتایا کہ اس ضمن میں متعلقہ قوانین میں نئی گنجائش فراہم کی گئی ہے جس کے مطابق فلاں تاریخ سے قبل تک بہترین یا فلاں تاریخ ، ماہ اور سال تک استعمال کریں جیسی صراحتیں کی جاسکتی ہیں۔ مملکتی وزیر اُمور صارفین سی آر چودھری نے ایک تحریری جواب میں بتایا کہ 23 جون کو اس سلسلہ میں سرکیولر جاری کیا جاچکا ہے جو بھی ان قواعد کی خلاف ورزی کریں انھیں متعلقہ قانون کے تحت جرمانے کا سامنا ہوگا۔