کڑپہ میں اسٹیل فیاکٹری قائم کرنے کا مطالبہ : سی ایم رمیش

مرکزی حکومت کے فیصلہ کیخلاف 20 جون سے غیر معینہ بھوک ہڑتال، رکن راجیہ سبھا کا انتباہ
حیدرآباد 17 جون (سیاست نیوز) سینئر قائد تلگودیشم پارٹی و رکن پارلیمان (راجیہ سبھا) سی ایم رمیش نے مرکزی حکومت کے فیصلہ سے دستبرداری کے خلاف ضلع کڑپہ میں اسٹیل فیاکٹری قائم کرنے کے مطالبہ پر 20 جون سے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کیا۔ آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سی ایم رمیش نے بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے مسائل سے واقف کروانے کیلئے ملاقات کا وقت فراہم کرنے کی خواہش کی گئی ہے لیکن ابھی تک کوئی مثبت ردعمل حاصل نہیں ہوا۔ انھوں نے کہاکہ قانون تقسیم ریاست کے مطابق ضلع کڑپہ میں اسٹیل فیاکٹری (پلانٹ) قائم کیا جانا چاہئے جبکہ کڑپہ میں اسٹیل فیاکٹری قائم کرنے کیلئے صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی وائی ایس جگن موہن ریڈی آخر کیوں خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں، واضح کرنے کا مطالبہ کیا۔ رکن پارلیمان تلگودیشم پارٹی نے مرکزی بی جے پی حکومت پر الزام عائد کیاکہ محض ریاست میں تلگودیشم حکومت رہنے کے ساتھ ساتھ صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی ایماء پر ہی کڑپہ میں اسٹیل فیاکٹری قائم نہ کرنے کا مرکزی حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ ریاست کی جاری تیز رفتار ترقی سے وائی ایس آر کانگریس خوفزدہ ہے اور جب کبھی بھی ترقیاتی اقدامات کیلئے راہ ہموار کی جاتی ہے تب وائی ایس آر کانگریس پارٹی کسی نہ کسی طرح سے ترقی میں رکاوٹیں پیدا کررہی ہے۔ لہذا وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور مرکزی حکومت کے اختیار کردہ طرز عمل کے خلاف 20 جون سے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔