آج ایک ماہ مکمل، عابد علی خاں آئی ہاسپٹل میں پیر تا جمعرات کارکردگی
حیدرآباد 29 مئی (پریس نوٹ ) ادارہ سیاست، فیض عام ٹرسٹ اور ہلپنگ ہینڈ کی مشترکہ کوششوں سے قائم کئے گئے کپڑا بینک سے ہر روز کم از کم ایک سو خاندانوں میں کپڑوں کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ تقریباً دس ہزار سے زیادہ ملبوسات سے شروع کردہ یہ بینک اپنے آپ میں ایک انفرادیت رکھتا ہے۔ زنانی و مردانی ملبوسات کے علاوہ، سوئیٹر، جیکٹس، برقعے، خواتین کے لئے جوتے، سینڈل اور بیگ وغیرہ بھی یہاں دستیاب ہیں جو کسی بھی سفید راشن کارڈ رکھنے والے کو دیئے جاتے ہیں۔ کپڑے لینے والوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنے ساتھ راشن کارڈ (اصل) معہ ایک فوٹو کاپی کے ساتھ صبح 11 بجے سے دن ایک بجے تک آسکتے ہیں۔ ہر روز ایک سو ٹوکن دیئے جاتے ہیں اور اُس کے بعد اُس دن کے لئے کپڑوں کی تقسیم روک دی جاتی ہے۔ اگرچہ دفتر ہفتہ کے تمام دن کام کرتا ہے لیکن کپڑوں کی تقسیم صرف پیر، منگل، چہارشنبہ اور جمعرات کو ہوتی ہے۔ ایک مہینہ کے بعد دوبارہ کپڑے لینے کے مستحق ہوجاتے ہیں۔ شادی بیاہ کے لحاظ سے علیحدہ ذخیرہ ہوتا ہے۔ اس طرح کے کپڑوں کو حاصل کرنے کے لئے ضروری ہوتا ہے کہ وہ شادی کے کارڈ کے ساتھ ایک درخواست بھی دیں۔ راشن کارڈ میں جتنے نام لکھے ہوتے ہیں، ضروری نہیں کہ کپڑے لینے کے لئے وہ تمام افراد حاضر دفتر ہوں بلکہ اگر صدر خاندان کارڈ کے ساتھ ہوں تو دیگر افراد کے لئے بھی کپڑے حاصل کرسکتے ہیں۔ اس بینک سے جہاں کپڑے دیئے جاتے ہیں، وہیں کپڑے وصول بھی کئے جاتے ہیں۔ کپڑے دہندگان سے گذارش ہوتی ہے کہ وہ پھٹے، بے رنگ کپڑے نہ دیں بلکہ دینے سے پہلے انھیں دھلواکر اور اِستری کراکر بالکل ایسے ہی دیں جیسے وہ اپنے کسی گھر والے کے لئے کپڑوں کو تیار کرتے ہیں۔ کپڑا بینک کا اسٹاف اِن ملبوسات کو علیحدہ علیحدہ پیکٹ میں پیاک کرکے لینے والوں میں تقسیم کرتے ہیں۔ جہاں کپڑے لینے والوں کے لئے دن مخصوص ہیں، کپڑے دینے والے پیر سے ہفتہ تک کسی بھی روز دے سکتے ہیں۔ کپڑا دہندگان کے لئے اگر کپڑا بینک آنا دشوار ہو تو کپڑا بینک کا نمائندہ آپ کے مکان پہونچ کر بھی کپڑے وصول کرتا ہے۔