سیاست ملت فنڈ، فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہنڈ کا قائم کردہ بنک دوسرے سال میں داخل
حیدرآباد ۔ 29 اپریل (نمائندہ خصوصی) سیاست ملت فنڈ، فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈ کی جانب سے غریب خاندانوں میں کپڑوں کی تقسیم کیلئے شروع کردہ کپڑا بنک اپنے قیام کا ایک سال مکمل کرچکا ہے۔ گذشتہ سال اپریل میں ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں، سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین اور ہیلپنگ ہینڈ کے سربراہ ڈاکٹر شوکت علی مرزا کی کوششوں سے ملک میں اپنی طرز کے اس منفرد بینک کا قیام اور افتتاح عمل میں آیا تھا۔ پہلے یہ بنک عابد علی خاں آئی ہاسپٹل دارالشفاء میں شروع کیا گیا اور اب اس کی دو شاخیں مولاعلی اور قائم نگر میں بھی کام کررہی ہیں۔ اس کپڑا بنک کو کپڑوں کے عطیات دینے والوں میں ہمارا شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد کے خداترس شہری، تاجران، پارچہ کے علاوہ بیرون ملک میں مقیم حیدرآباد شخصیتوں کی جانب سے قائم کردہ تنظیمیں شامل ہیں۔ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین اور صدر ہیلپنگ ہینڈ ڈاکٹر شوکت علی مرزا کے مطابق اس کپڑا بنک سے یومیہ 80-100 خاندان کپڑوں کے جوڑے حاصل کرتے ہیں جبکہ دولہنوں کے لباس عروسی، چوڑیوں کے جوڑے اور چپل و سینڈل کے علاوہ دولہے کیلئے شیروانی پاجامہ پر مشتمل ایک کشتی دی جاتی ہے اور یہ تمام کپڑے غریب مسلمانوں کو بڑے ہی احترام کے ساتھ دیئے جاتے ہیں۔ ڈاکٹر شوکت علی مرزا کے مطابق بیرون ملک سے کپڑا بنک کو تاحال کپڑوں کے تین کنٹینر حاصل ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ہمارے اپنے شہر کے 250 سے زائد لوگوں نے بھی بے شمار کپڑوں کے جوڑے بطور عطیات پیش کئے ہیں۔ اس کارخیر میں خدیجہ سلطانہ، ڈاکٹر دردانہ اور شیخ اکرم کا اہم رول ہے۔ ان لوگوں نے آج دفتر سیاست پہنچ کر ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان، جناب افتخار حسین اور ڈاکٹر شوکت علی مرزا کی گلپوشی کی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ اس کپڑا بنک کے ذریعہ مردانہ، زنانہ اور بچکانہ کپڑے غریب خاندانوں میں تقسیم کئے جارہے ہیں۔ نہ صرف ہندوستان بلکہ بیرون ملک بھی سیاست ملت فنڈ کے اس اپیل کی ستائش کی جارہی ہے۔ واضح رہیکہ تاحال 30 ہزار سے زائد غریب خاندانوں نے اس کپڑا بنک کے کپڑے حاصل کئے۔