سرینگر ، 11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے گلورہ ہندواڑہ میں پیر اور منگل کی درمیانی شب کے دوران جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہونے والے مسلح تصادم میں لشکر طیبہ سے وابستہ دو جنگجوؤں کو ہلاک کیا گیا۔ مہلوک جنگجوؤں کی شناخت لنگیٹ کپواڑہ کے رہنے والے فرقان رشید لون عرف عادل ولد عبدالرشید لون اور ہارون سوپور (ضلع بارہمولہ) کے رہنے والے لیاقت احمد لون عرف عمر خالد ولد غلام محی الدین لون کے بطور کی گئی ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق مسلح تصادم میں مارے گئے لیاقت کی بہن کی منگل کے روز شادی ہونے والی تھی، لیکن بھائی کی موت کی وجہ سے بہن کی شادی کی تقریب ماتم کدے میں تبدیل ہوگئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق انتظامیہ کی طرف سے ہندواڑہ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرائی گئیں جبکہ ڈگری کالج ہندواڑہ اور علاقہ کے سبھی ہائر سکینڈری اسکولوں میں منگل کو مقامی انتظامیہ کے احکامات پر درس وتدریس کا عمل معطل رہا۔ اطلاعات کے مطابق شمالی کشمیر کے بعض علاقوں میں جنگجوؤں کی ہلاکت کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرے بھڑک اٹھے جس کے دوران احتجاجیوں کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں ہوئیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کپواڑہ کے گلورہ ہندواڑہ میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملنے پر فوج کی 30 راشٹریہ رائفلز (آر آر)، 92 بٹالین سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) نے مذکورہ علاقہ میں گذشتہ رات دیر گئے تلاشی آپریشن شروع کیا۔