:کپواڑہ میں مسلح تصادم: ایک فوجی ہلاک اور دوسرا زخمی

سری نگر ، 11 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے کنڈی جنگلی علاقہ میں جاری جنگجو مخالف آپریشن کے دوران اب تک ایک فوجی ہلاک جبکہ دوسر ایک زخمی ہوگیا ہے ۔ مہلوک فوجی کی شناخت 3 پیرا سے تعلق رکھنے والے سپاہی موکل مینا کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فوج کی 47 راشٹریہ رائفلز (آر آر) نے منگل کے روز کپواڑہ کے کنڈی علاقہ میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا ‘علاقہ میں جنگجوؤں کی موجودگی کا یقین ہوجانے کے بعد فوج کی 4 پیرا کے کمانڈوز کو بھی بلایا گیا’۔ ذرائع نے بتایا کہ بدھ کو دوپہر کے وقت علاقہ میں جنگجوؤں اور فوجیوں کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس میں دو فوجی اہلکار زخمی ہوئے ۔ انہوں نے بتایا ‘زخمیوں کو فوجی اسپتال درگمولہ لے جایا گیا جہاں موکل مینا کو مردہ قرار دے دیا گیا۔ تاہم دوسرے زخمی فوجی کی حالت خطرے سے باہر ہے ‘۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ علاقہ میں تلاشی آپریشن جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا ‘جنگجوؤں کو فرار ہونے سے روکنے کے لئے ایک بڑے جنگلی علاقہ کو محاصرے میں لیا گیا ہے ‘۔