سرینگر ۔ 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں واقع جنگلات میں سیکوریٹی فورسیس نے عسکریت پسندوں کے خفیہ ٹھکانے کا پتہ لگاتے ہوئے وہاں سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود ضبط کیا۔ سیکوریٹی فورسیس گذشتہ تین دنوں سے خفیہ ٹھکانے کی تلاش کررہی تھی۔ 5 مئی کو کپواڑہ کے ہضروڈہ جنگلات میں فوج اور پولیس نے مشترکہ طور پر عسکریت پسندوں کے خفیہ ٹھکانے کا پتہ لگانے کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ دفاعی ترجمان کے مطابق پولیس کو پہلے ہی یہ خفیہ اطلاع مل چکی تھی کہ جنگلات میں عسکریت پسندوں نے اپنا خفیہ ٹھکانہ بنا رکھا ہے۔ پولیس نے ایک پستول، تین میگزین، 12 چینی دستی بم، دو دوربین، دو کمپاس، آر پی جی کے تین راونڈس، 60 ایم ایم کے دو بم اور ایک وائرلیس سیٹ خفیہ ٹھکانے سے برآمد کیا۔
جودھپور سے ایک اور
انڈین مجاہدین کارکن گرفتار
جودھپور۔9مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین مجاہدین کا ایک اور کارکن راجستھان انسداد دہشت گردی اسکواڈ ( اے ٹی ایس ) نے گرفتار کرلیا ۔ 30سالہ ذاکر کو لالہ لاج پتھ کالونی سے پرتاپ نگر کے علاقہ میں گرفتار کیا گیا ۔ وہ مبینہ طور پر انڈین مجاہدین کے راجستھان شعبہ سے وابستہ تھا اور سرگرم ارکان کا مددگار تھا ۔ اے ٹی ایس کو اشرف سے تفتیش کے دوران ذاکر کے بارے میں اطلاع ملی تھی ۔ اشرف کو یکم مئی کو ٹاملناڈو سے گرفتار کیا گیا تھا وہ بھی انڈین مجاہدین کا رکن ہے ۔ راجستھان میں انڈین مجاہدین کے خوابیدہ شعبہ کا یکم مئی کو پتہ چلایا گیا تھا جسے مارچ میں دہلی پولیس کے خصوصی شعبہ اور ریاستی اے ٹی ایس نے ختم کردیا ۔